دکھی عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سیف انور جپہ، سید حماد عابد

0

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر عوام الناس کے مسائل کے فوری حل کے لئے ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ اورڈی پی او جہلم کیپٹن (ر) سید حماد عابد نے ضلعی افسران کے ہمراہ گورنمنٹ جامع ہائی سکول کے مرکزی ہال میں کھلی کچہری لگائی ۔جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میسّم عباس، اسسٹنٹ کمشنر جہلم محمد فیضان احمد، ڈی ایس پیز، سمیت محکمہ صحت ، تعلیم، ایکسائز، ٹریفک پولیس، جنگلات، انہار، بلدیات، ترقیات اور محکمہ مال کے سربرہان اورسائلین نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ نے سائلین کی طرف سے پیش کی گئی 8 درخواستیں جن میں جائیداد کے تنازعہ،گھریلو جھگڑے ، علاج معالجہ، اور دیگر متفرق شکایات شامل تھیں کی فرداً فرداً سماعت کی اورازالہ کے لئے متعلقہ محکموں کے افسران کو کاروائی مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے۔

ڈپٹی کمشنرمحمد سیف انور جپہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر اوپن ڈور پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پرتحصیل سطح پرکھلی کچہری کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈی پی او جہلم نے پولیس سے ملحقہ درخواستوں پر فوری کارروائی کرنے کے لئے ڈی ایس پیز کو ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر سیف انور نے کہا ہے کہ دکھی عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ عوام الناس کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کوہدایات جاری کیں کہ وہ عوام کے مسائل کا فوری ازالہ کریں۔ انکا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام اور افسران کے مابین فاصلہ ختم کرنا ہے اور حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت اسی طرح جاری رہے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری دفاتروں میں آنے والے سائلین کو عزت و احترام سے پیش آیا جائے جبکہ اوپن ڈور پالیسی کو اپنایا جائے اور میرٹ پر انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر مسائل کے حل کے لئے تمام سرکاری اداروں کے افسران موثرحکمت عملی اپنا کر عوامی فلاح و بہبود کے لئے کردار ادا کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.