بی ایچ یو پھلڑے سیداں کا انچارج مریضوں کا معائنہ کرنے کی بجائے دن بھر شجر کاری میں مصروف رہنے لگا۔ سید ذیشان حیدر

0

بنیادی مرکز صحت پھلڑے سیداں کا میڈیکل آفیسر انچارج مریضوں کا معائنہ کرنے کی بجائے دن بھر شجر کاری پرتوجہ دیتا ہے جبکہ مریض ایک کمپاؤنڈر چیک کرتا ہے، ایسے ڈاکٹر کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے ۔ چیئر مین یونین کونسل پھلڑے سیداں سید ذیشان حیدر ایڈووکیٹ کا سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ضلع جہلم سے مطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق یونین کونسل پھلڑے سیداںکے چیئر مین سید ذیشان حیدر ایڈووکٹ نے ایک بیان کہا ہے کہ بنیادی مرکز صحت میں تعینات میڈیکل آفیسر انچارج ڈاکٹر علی ارشدنے اپنے فرائض سے چشم پوشی کرتے ہوئے مریضوں کا معائنہ خود کرنے کی بجائے ایک کمپاؤنڈر کو مریض چیک کرنے کی ہدایت دے رکھی ہے ۔ اس صورت حال سے مریضوں میں پریشانی پائی جاتی ہے ۔

چیئر مین یونین کونسل نے کہا کہ اداروں کی کامیابی یا ناکامی کا دارومدار ادارے کے سربراہ پر ہوتا ہے ۔ اس لیے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ضلع جہلم کو بیان بالا مسئلہ کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ ڈاکٹر کو جتنا جلد ممکن ہو تبدیل کر کے ’’پودا ‘‘دوست کی بجائے ’’انسان دوست صفت‘‘ کا ڈاکٹر بنیادی مرکز صحت پھلڑے سیداں میں تعینات کیا جائے تا کہ علاقہ کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولت کی فراہمی میں مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔

سید ذیشان حیدر ایڈووکیٹ کا کہنا تھا جہاں تک مفت زچہ بچہ کی سہولت کا تعلق ہے تو اس سلسلے میں بھی بی ایچ یو کے کافی مسائل ہیں یہاں ایک ماہر زچگی ایم بی بی ایس خاتون ڈاکٹر کی بھی علیحدٰہ سے ضرورت ہے اور اسی معیار کی جدید سہولیات بھی ہونالازمی ہیں ۔ انہوں نے محکمہ صحت ضلع جہلم سے مطالبہ کیا کہ سہولیات کے بغیر 24/7کی تختی لگانے سے بات نہیں بن پاتی لہٰذا عمل کی ضرورت ہے ۔ حکام کو غور کرنا چاہیے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.