حکومت نوجوان نسل کے لئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے، چوہدری فرخ الطاف

ہم نصابی سرگرمیوں کے بغیر نصاب کا تصور ممکن نہیں ، کھیلوں کی سرگرمیوں سے طلباء اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا تے ہیں ، راجہ یاور کمال

0

جہلم: گورنمنٹ جی ٹی روڈ کالج فار بوائز میں ہوسٹل کے لئے گیس کی فراہمی کو جلد یقینی بنایا جا رہا ہے، رواں مالی سال میں کالج کو ملٹی پرپز ہال فراہم کیا جائے گا، جہاں کھیلوں کے گراؤنڈ آباد ہوں، وہاں ہسپتال ویران ہوا کرتے ہیں ، کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے گورنمنٹ جی ٹی روڈ کالج میں انتالیسویں سالانہ کھیلوں کے مقابلوں کے حوالے سے تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوان نسل کے لئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے، کھیلوں کے ذریعے بچوں کے اندر محبت اور اتحاد کے جذبات پیدا کیے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھیل محبتوں کے فروغ کا واحد ذریعہ ہیں، کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جاسکتا ہے ، نصاب کے ساتھ ساتھ طلباء کی بہترین تعلیمی نشوونما کے لیے ہم نصابی سرگرمیاں بہت ضروری ہے۔

تقریب میں ایم این اے چوہدری فرخ الطاف نے کھیلوں کے میدان میں راولپنڈی ڈویژن میں گولڈ مڈل حاصل کرنے والے طالب علموں کو انعامات دیے اور کالج انتظامیہ کو زبردست سراہا۔

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی وپارلیمانی سیکریٹری راجہ یاور کمال کا کہنا تھا کہ ہم نصابی سرگرمیوں کے بغیر نصاب کا تصور ممکن نہیں، کھیلوں کی سرگرمیوں سے طلباء اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا تے ہیں، گورنمنٹ جی ٹی روڈ کالج فار بوائز کا شمار جہلم کے اہم ترین معیاری تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے ۔ اس ادارے میں لگ بھگ 1600 طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں۔

اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ جی ٹی روڈ کالج پروفیسر پرویز اقبال نے ایم این اے چوہدری فرخ الطاف اور ایم پی اے راجہ یاور کمال کو کالج بارے سپاسنامہ پیش کیا اور کالج کی ضروتیں پوری کرنے کے لئے شکریہ ادا کیا۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ کالج کے طلباء ہر میدان میں فتح کے جھنڈے گاڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.