سوہاوہ کے نواحی علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ، ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافہ، علاقہ مکین پریشان

0

پڑی درویزہ: گیس لوڈ شیڈنگ کے انوکھے اوقات ، دن 10بجے سے 2بجے تک اور رات گئے۔ چار گھنٹے گیس فراہم کی جاتی ہے ۔ نواحی علاقہ جات ڈھوک امب اور سرگڈھن کے مکین سخت پریشان ۔ سماجی کارکنان اور اہل علاقہ کی طرف سے چیئرمین سوئی ناردن گیس اور وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ جات ڈھوک امب تحصیل گوجرخان اور سرگڈھن تحصیل سوہاوہ کے سماجی کارکنان قاضی سجاد حسین ، ضیاء اللہ ، مجاہد حسین ، غضنفر علی اور اہل علاقہ نے ایک مشترکہ بیان میں انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ دونوں آبادیوں میں دن 10بجے سے دوپہر 2بجے اور پھر رات 10بجے سے 2بجے رات تک گیس فراہم کی جاتی اور باقی 16گھنٹے گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی دیہاتی گھریلو خواتین ،بچوں اور دیگر صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ گیس کی اصل ضرورت کے اوقات صبح ، دوپہر اور شام کے ہوتے ہیں جن اوقات میں یہاں گیس کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے ۔ صبح ناشتے کے وقت ، دوپہر کھانے اور شام کے اوقات میں گیس کی بندش سمجھ سے بالا تر ہے ۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ قدرتی گیس کی لوڈ شیڈنگ بم کے ہمراہ تبدیلی کا دوسرا بم بھی عوام پر گرا دیا ہے وہ اس طرح کہ ایل پی جی سلنڈر کی قیمت اچانک 1400/-روپے سے بڑھا کر 1750/-روپے کر دی گئی ہے یہ گیس کے بغیر علاقوں کے صارفین کی جیبوں پر بلاوجہ ڈاکہ ڈالنے کے مترادف تصور کیا جا رہا ہے ۔

سماجی کارکنان اور اہل علاقہ نے وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل اور چیئر سوئی ناردرن گیس، ایل پی جی ڈیلرز انتظامیہ سے دونوں بیان بالا مسائل کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانی والی حکومت کا کچھ برہم رہ سکے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.