پنڈدادنخان

اے سی پنڈدادنخان کا تجاوزات مافیا کیخلاف ایکشن فوٹو سیشن تک، بازاروں اور سڑکوں پر تجاوزات مافیا کا راج

پنڈدادنخان: اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان کا تجاوزات مافیا کے خلاف ایکشن فوٹو سیشن تک ،تحصیل بھر کے بازاروں سڑکوں پر تجاوزات مافیا کا راج ،انتظامیہ کی ملی بھگت یا غفلت؟، بازاروں میں راہگیروں کوشدید پریشانی کا سامنا، دکانوں سے کئی کئی فٹ باہر سامان اور ریڑی بانوں نے ڈیرے جما ئے ہوئے ہیں، انتظامیہ کارروائی سے گریزاں، ڈی سی جہلم سے اصلاح و احوال کا مطالبہ

تفصیلات کے مطابق تحصیل پنڈدادنخان میں انتظامیہ کی بے حسی کے باعث تجاوزات مافیا نے جگہ جگہ ڈیرے جما رکھے ہیں، سڑک کنارے غیر قانونی رکشہ سٹینڈز اور ریڑی بانوں کے باعث سڑک تنگ ہونے سے متعدد حادثات ہوچکے ہیں جن میں قیمتی جانوں کا ضیا ع ہو ا ہے۔

چند ماہ قبل دھریالہ جالپ میں بے قابو ٹرک سڑک کنارے لگی ریڑھیوں پر چڑھ گیا تھا جس حادثہ میں دو قیمتی جانیں گئی تھیں، پنڈدادنخان شہر میں سول ہسپتال پنڈدادنخان کے نزدیک نکاسی آب کے لیے بنائے گئے نالہ سمیت لاری اڈا پنڈدادنخان، شالیمار چوک، محمدیہ چوک اور پنڈدادنخان بازار میں انتظامیہ کی نااہلی کے باعث تجاوزات مافیا کاراج ہے۔

سول ہسپتال پنڈدادنخان کے قریب نالہ پر تجاوزات کے باعث عرصہ دراز سے صفائی نہ ہونے کی وجہ سے نالے کا سارا پانی ہسپتال میں داخل ہو تا رہتا ہے جبکہ شالیمار چوک اور محمدیہ چوک پنڈدادنخان میں انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے دکانوں کے سامنے اور اطراف پر دکانوں سے باہر رکھا گیا سامان اورریڑی بانوںنے قبضہ جمایا ہوا ہے جس کے باعث بازار آنے والوں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اسی طرح کھیوڑہ مہر نذر چوک سے لے کر ملنگ ہوٹل تک مغرب سائیڈ کی جانب واک وے کے قریب تک متعدد دکانوں کے باہر سامان ،ریڑی بانوں نے ڈیرے جمائے ہوئے ہیں جبکہ مارکیٹ روڈ پر کچھ دکانوں کا سامان اور شیڈ کرسیاں اور سائن بورڈ بالکل سڑک کے ساتھ پڑ ے ہوتے ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی میں مشکلات ہوتی ہیں جبکہ اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان سمیت ذمہ داران تجاوزات ختم کروانے میں ناکام دیکھائی دیتے ہیں، اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان فیلڈ میں نکلتے تو ہیں لیکن فوٹو سیشن اور فرضی کارروائیوں تک محدود ہیں۔

عوامی سماجی حلقوں نے کمشنر راولپنڈی ،ڈی سی جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کو فوری طور پر ختم کروایا جائے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button