جہلم

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی موٹر سائیکلیں و گاڑیاں سڑکوں پر رواں دواں، حکام خاموش

جہلم: شہر سمیت ضلع بھر میں غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی موٹرسائیکلیں و گاڑیاں سڑکوں پر رواں دواں، جس کی وجہ سے جرائم میں غیر معمولی اضافہ، غیرنمونہ نمبر پلیٹیں تیار کرنے والے کاریگروں کی موجیں، جرائم پیشہ افراد غیرنمونہ نمبر پلیٹس کی آڑ میں معاشرے کا امن تباہ کرنے میں مصروف، حکومتی احکامات کے باوجود گاڑیوں پر غیرنمونہ نمبر پلیٹیں لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں حکومتی پابندی کے باوجود غیر نمونہ نمبر پلیٹوں کی موٹر سائیکلیں و گاڑیاں اندرون شہر ومضافاتی علاقوں کی سڑکوں پر فراٹے بھرتی نظر آتی ہیں، غیر نمونہ نمبر پلیٹس بنانے والے کاریگر گاہکوں کو نت نئے ڈیزائن کی نمبر پلیٹیں آویزاں کرنے کے لئے متوجہ کرتے ہیں۔

شہر بھر میں غیر نمونہ نمبر پلیٹس بنانے والی دکانیں نت نئے ڈیزائنوں کی نمبر پلیٹوں سے سجی ہوئی دکھائی دیتی ہیں، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ذمہ داران کا یہ بھی فرض ہے کہ وہ غیر نمونہ نمبر پلیٹوں والی گاڑیوں کی بھی چیک کریں مگر ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار صرف چالان کرنے اور ٹارگٹ پورا کرنے تک محدود ہیں۔

جب تک گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اورنمبر پلیٹس تیار کرنے والے دکانداروں کو بھاری جرمانے عائد نہیں کئے جاتے اسو قت تک یہ سلسلہ نان سٹاپ جاری رہے گا، قانونی طور پر گاڑیوں کے مالکان کو مہیا کی گئیں نمبر پلیٹس نہ صرف جرائم کی شرح میں کمی کا سبب بن سکتی ہیں بلکہ گاڑیوں کی چوری کا سلسلہ بھی تھم سکتا ہے۔

عوامی حلقوں نے ای ٹی او ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے مطالبہ کیا ہے کہ غیرنمونہ نمبر پلیٹس بنانے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور غیرنمونہ نمبر پلیٹس گاڑیوں و موٹرسائیکلوں پر آویزاں کرنے والے مالکان کے خلاف جعل سازی کے مقدمات درج کئے جائیں تا کہ جرائم میں کمی واقع ہوسکے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button