عوام سے وہی وعدہ کریں گے جس کو پورا کرنے کی استطاعت رکھیں گے، راجہ یاور کمال

0

ممبرصوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 25 و پارلیمانی سیکریٹری راجہ یاور کمال نے پڑی درویزہ میں قائم 60سالہ کیپٹن عطا اللہ سول ڈسپنسری کو اپنی ابتدائی بہترین حالت میں بحال کرنے کا وعدہ کر دیا ہے ۔

انہوں نے ڈسپنسری کے میدان میں منعقدہ تقریب میں پڑی درویزہ کے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وعدوں پر نہیں بلکہ عمل پر یقین رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسی مقصد کے لیے محکمہ صحت ضلع جہلم کے ضلعی سربراہ ڈاکٹر محمد وسیم ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد سرفراز اور تحصیل سوہاوہ کے سربراہ ڈاکٹر عمیر خالدکو اپنے ساتھ موقع پر ڈسپنسری کی عمارت کا تفصیلی جائزہ لینے لے کر آئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وہ عوام سے وہی وعدہ کریں گے جس کو پورا کرنے کی استطاعت رکھیں گے کوئی سبز باغ نہیں دکھایا جائے گا ۔

ان سے قبل چیف ایگزیکٹو اآفیسر ہیلتھ اتھارٹی ضلع جہلم ڈاکٹر محمد وسیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مکمل یقین دلایا کہ ڈسپنسری کی عمارت کو مرمت کے بعد ایک ایم بی بی ایس میڈیکل آفیسر ، ایک لیڈی ہیلتھ ویزیٹر ہمراہ معاون عملہ کے باقاعدہ طور پرفراہم کر دیے جائیں گے جس کے نتیجے میں علاقہ کے عوام کی صحت کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے لیکن ڈسپنسری کو فوری طور بنیادی مرکز صحت کا درجہ دلوانا ممکن نہیں ہے کیونکہ حکومت پنجاب کی پالیسی ہے کہ ایک یونین کونسل میں صرف ایک بی ایچ یو قائم ہو سکتا ہے جو پھلڑے سیداں کے مقام پر پہلے سے موجود ہے ۔

انہوں نے موقع پر موجود ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تحصیل سوہاوہ ڈاکٹر عمیر خالد کو ہدایت کی کہ ڈسپنسری کی عمارت اور رہائش گاہوں کی مرمتی کے لیے تخمینہ لگانے کے انتظامات کیے جائیں ۔

تقریب کے اختتام پر نظامت کار مقامی صحافی پروفیسر افتخار محمود نے حاضرین کو اپنی معروضات پیش کرنے دعوت دی تو ایک نوجوان ، سابق پی ٹی آئی محمد خورشید،محمد حنیف نے چند سوالات کیے تو ممبر صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال نے جواب میں کہا کہ 9ماہ سے پہلے کے مسائل پر وہ بات نہیں کریں گے پھر واٹر سپلائی پڑی درویزہ کی بحالی کے لیے محکمہ سے رابطہ کر لیا گیا ہے جواب کا انتظار ہے تا کہ مستقبل کالائحہ عمل اختیار کیا جائے انہوں نے یہ بھی کہا کہ میری پوری کوشش ہے کہ وہ عوام کی توقعات پر پورے اترنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں ۔

تقریب کے آغازپر نظامت کے فرائض پر مامور پروفیسر افتخار محمود نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ پانچ سال سے انسان دوستی کے حوالے سے اہلیان پڑی درویزہ اور صادق طارق محمود طالب کے تعاون وہ مزکورہ ڈسپنسری کی اپ گریڈیشن کے لیے کوشاں ہیں۔ اب کچھ امید کی کرن دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ ان پانچ سالوں میں کسی سرکاری عہدیدار کایہ تیسرا اور ایک عوامی نمائندے کا ستر سالہ دور میں پہلا دورہ دیکھ رہے ہیں ۔ تا ہم یہ بھی کسی انقلاب سے کم نہیں ہے ۔تقریب کے اختتام پرسابق امیدوار برائے کونسلر مرزا نذیر حسین کی رہائش گاہ پر مہمانوں کی تواضع کی گئی ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.