جہلم کی متعدد آبادیوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، قریبی علاقے بھی گندگی کی لپیٹ میں آگئے

0

جہلم: میونسپل کمیٹی کے شعبہ سینٹیشن برانچ کی غفلت و لاپروائی، شہر کی متعدد آبادیاں محلہ مخدوم آباد ،مجاہد آباد، عباس پورہ ، اسلام پورہ، کالا گجراں ، کشمیر کالونی ، بلال ٹاؤن سمیت جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ، قریبی علاقے بھی گندگی کی لپیٹ میں آگئے ، میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی پر شہری سراپا احتجاج، ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق شہر کی متعدد آبادیاںجن میں محلہ مخدوم آباد ،مجاہد آباد، عباس پورہ ، اسلام پورہ، پروفیسر کالونی، کالا گجراں ، کشمیر کالونی ، بلال ٹاؤن سمیت جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ،جبکہ بارشوں کے پانی کی نکاسی کا معقول بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے اندرون شہر اور ملحقہ آبادیوں میں بارشی پانی کھڑا ہونے سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ لاحق ہو چکا ہے، گندگی کے ڈھیروں اور بارش کے پانی سے صورتحال مزید خراب ہورہی ہے مچھر اور دیگر خطرناک کیڑے مکوڑے پرورش پارہے ہیں ۔

عرصہ دراز سے گندگی کے ڈھیروں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے معمولی بارش کے بعدان علاقوں کی گلیاں محلے کیچڑ اور گندگی کی وجہ سے شہریوں میں بیماریاں پھیلانے کے موجب بنتے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کا جینا بھی محال ہوچکا ہے ، میونسپل کمیٹی کے عملے نے گندگی کے ڈھیر ختم کرنے کی بجائے ، سینٹروی ورکروں کی ڈیوٹیاں پرائیویٹ کوٹھیوں ، پلازوں، اور نجی دفاتر میں لگارکھی ہیں جہاں سے سینٹری ورکر ہزاروں روپے ماہانہ کما رہے ہیں۔

شہریوں کااس حوالے سے کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ سینٹیشن برانچ کے متعلقہ ذمہ داروں کی ملی بھگت سے سینٹری ورکروں نے اندرون شہر کے گلی محلوں کی صفائی ستھرائی کرنے کی بجائے نجی کوٹھیوں ، گھروں ، پلازوں ،دفاتر میں کام کرنا معمول بنا لیا ہے ۔ متاثرین نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.