میوزک کمپوزر اور سنگر ذیشان حیات کے نئے گانے سوہنی لگدی کی برطانیہ میں دھوم

0

مانچسٹر: امریکن پاکستانی سنگر، میوزک کمپوزر ذیشان حیات کے نئے گانے سوہنی لگدی نے برطانیہ میں دھوم مچا رکھی ہے۔ سوہنی لگدی کو ذیشان حیات اور اینی زیدی نے گایا ہے اور اس کا ویڈیو بھی پرستاروں میں بے حد مقبول ہو رہا ہے۔

مقامی میڈیا سے خصوصی گفتگو میں ذیشان کا کہنا تھا کہ دو ہزار آٹھ سے موسیقی کی دنیا میں کام کر رہا ہوں، موسیقی کی دنیا کے کئی بڑے بڑے سٹارز کے ساتھ کام کرنے ان کے میوزک ویڈیوز اور موسیقی کو ترتیب دینے کا موقعہ ملا ہے۔ میرے گانے پہلے بھی عوام نے بہت پسند کیے تھے اس لیے میں نے اس بار اینی زیدی کے ساتھ ملکر یہ گانا بنایا ہے اور مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ پرستاروں کو یہ گانا بھی بے حد پسند آیا ہے۔

ذیشان جو کہ سنگر افشین حیات اور اداکارہ مہوش حیات کے بھائی ہیں کا مزید کہنا تھا کہ میں مہوش کیساتھ ایک گانے پر کام کر رہا ہوں اور بہت جلد مہوش اپنے پرستاروں کو اپنے نئے گانے سے حیران کرنے والی ہے۔ ذیشان اپنی البم مکمل کر چکے ہیں اور اب اس کے ویڈیوز پر کام چل رہا ہے، سوہنی لگدی نہ صرف پاکستان برطانیہ بلکہ دیگر ممالک میں بھی بے حد مقبول ہو رہا ہے۔

نئے سنگرز کے حوالے سے ذیشان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی میوزک انڈسٹری بہت مشکل ہو چکی ہے جس کی وجہ پی آر نہ ہونا اور بہت زیادہ مقابلہ بازی ہے، آج کے دور میں میوزک اچھا ہونا ہی کافی نہیں ہے آپ کو اس کی پروموشن اور ویڈیوز کے لیے اچھے خاصے پیسے درکار ہیں، پرانے وقتوں کی طرح اب میوزک انڈسٹری میں سپانسر بھی دستیاب نہیں ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.