ممبر اوورسیز کمیشن پنجاب مخدوم طارق محمود الحسن کے دوجوان سال بچوں کی وفات پر ہڈرزفیلڈ میں دعائیہ تقریب

0

ہڈرزفیلڈ: ممبر اوورسیز کمیشن پنجاب اور ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز نارتھ ویسٹ کے صدر اور ممبر بورڈ آف گورنر مخدوم طارق محمود الحسن کے دو جواں سال بچوں کی وفات پر ہڈرزفیلڈ میں ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا ۔

تقریب میں ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز کے عہدیداروں، سابق چیئرمین بورڈ آف گورنرز بیرسٹر امجد ملک، علامہ غلام سرور، علامہ سید ظہیر الحسن نقوی، مولانا سید فدا حسین نقوی اور قاری محمد عباس نے شرکت کرتے ہوئے سید زمان علی اور سید محمد علی کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی۔ سید فرحان علی وارث نے اس موقعہ پر حمدیہ اور نعتیہ کلام بھی پیش کیے۔

اس موقعہ پر مخدوم طارق محمود الحسن نے دعائیہ تقریب میں شریک ہونے والی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دو جوان بیٹوں کی موت کا سانحہ بہت بڑا ہے جس سے نکلنا بہت مشکل ہے خدا دشمن کو بھی کبھی اس آزمائش میں نہ ڈالے۔ اس موقعہ پر بچوں کے سکول کے ٹیچرز اور دیگر بچوں کے والدین بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

یاد رہے کہ اوکاڑہ کے قریب عیدالفطر سے قبل مخدوم طارق محمود الحسن کے روڈ ایکسیڈنٹ میں دو بیٹے جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ ایک بیٹا اور ڈرائیور بھی زخمی ہوا تھا۔ مخدوم طارق محمود الحسن کمالیہ سے لاہور جارہے تھے کہ راستہ میں اوکاڑہ کے قریب گاڑی کا ٹائر برسٹ ہو جانے سے گاڑی الٹ گئی اور قلابازیاں کھاتی ہوئی دور جاگری۔ گاڑی میں سوار ان کے دو بیٹے سید زمان علی اور سید محمد علی موقع پردم توڑ گئے تھے۔ جبکہ ان کا بیٹا زہران اور ڈرائیور شدید زخمی ہو گئے تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.