یورپ کی ڈنکی پنڈدادنخان کے رہائشی کیلئے موت کی ڈنکی ثابت ہوئی، 67 سالہ شخص لیبیا میں جاں بحق

0

پنڈدادنخان کا رہائشی67 سالہ محمد اسلم لیبیا میں جاں بحق ، محمد اسلم گزشتہ 8 سال سے لیبیا میں محنت مزدوری کرتا تھا ، لیبیا میں حالات خراب ہونے پر اٹلی کیلئے ڈنکی لگاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا ۔ سفارت خانے کا لاش کی حوالگی کیلئے 3ہزار ڈالر کا مطالبہ ، لاش کو پاکستان بھیجنے پر تین ہزار ڈالر خرچ ہوتے ہیں جو لواحقین نے ادا کرنے ہیں۔ پاکستانی سفارت خانہ
تفصیلات کے مطابق پنڈدادنخان کے علاقہ چک حمید نواں لوک کا 67 سالہ محمد اسلم لیبیا میں اٹلی ڈنکی لگاتے ہوئے مبینہ طور پر جاں بحق ہو گیا، محمد اسلم کی لاش لیبیا میں پاکستانی سفارت خانے میں پڑی ہے جسکو پاکستان لانے کیلئے تین ہزار ڈالر کا خرچ ہو گا جو لواحقین نے ادا کرنا ہے۔
اس سلسلہ میں جب چک حمید نواں لوک میں محمد اسلم کے لواحقین سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ پولیس کے ذریعے اطلاع ملی ہے کہ اسلم جاں بحق ہو گیا، آپ سفارت خانے رابطہ کریں۔
محمد اسلم کے بھتیجے عامر نے بتایا کہ ہم غریب لوگ ہیں ایک وقت کی روٹی مشکل سے ملتی ہے، ایک بھینس کا دودھ فروخت کرکے اسلم کا بیٹا تعلیم حاصل کر رہا ہے، اسلم نے آٹھ سالوں سے کچھ نہیں بھجوایا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور زلفی بخاری سے اپیل ہے کہ میت کو پاکستان لانے کیلئے مدد کرے کیونکہ ہم غریب لوگ ہیں، انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میت کو پاکستان لانے کیلئے مدد کی جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.