سوہاوہاہم خبریں

پیپلز پارٹی الیکشن میں کامیاب ہو کر بھٹو شہید کے نظریات کو فروغ دے گی۔ چوہدری تسنیم ناصر گجر

پڑی درویزہ: پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جہلم کے صدر اور امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 66جہلم 1چوہدری تسنیم ناصر گجر نے کہا ہے کہ وہ منتخب ہو کر بھٹو شہید کے افکار و نظریات کے مطابق عوام کی خدمت کریں گے نیز کاشتکار اور غیر کاشتکار طبقات کے درمیان دراڑ کو کم کرنے کی کوشش کریں گے ۔

وہ تحصیل صدر مقام سوہاوہ کے ایک مقامی ہوٹل میں امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 25کی طرف پہلے انتخابی اجتماع (افطار ڈنر) سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پی پی پی کے کارکنان کی عزت نفس پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سوہاوہ اور دینہ کے علاقوں میں آباد محنت کش مزدور کسان عوام کی نمائندگی کے لیے مرزا عبدالغفار کی نامزدگی ان محنت کش عوام کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اس لیے محنت کش عوام کو آمدہ انتخابات میں مرزا عبدالغفار کو بھر پور طریقے سے کامیاب کرنا چاہئے ۔

چوہدری تسنیم ناصر گجر نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت بر سر اقتدار آنے کی صورت میں سوہاوہ شہر کو گیس کی فراہمی کا دیرینہ خواب شرمندہ تعبیر کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ انہوں کہا کہ وہ ضلع جہلم اور پی پی 25کو مثالی ترقی کا نمونہ بنائیں گے ، اگر کوئی اسلحہ کی نوک پر سیاست کرنا چاہے تو وہ اس کو مقابلہ کرنا بھی جانتے ہیں ۔

افطار ڈنر نے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی کے نامزد کردہ امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 25 مرزا عبدالغفار نے کہاپارٹی ٹکٹ انہیں نہیں ملا بلکہ یہ تحصیل سوہاوہ کے محنت کش مزدور کسان عوام کو ملا ہے وہ پسے ہوئے طبقات کی نمائندگی کرنے ہی میدان سیاست میں اترے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ منتخب ہوکر تحصیل سوہاوہ اور دینہ کی عوامی محرومیوں کا مکمل طور پر مداوا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔

راولپنڈی سے آنے والے پی پی پی کے دیرینہ کارکن مرزا عبدالرحمن نے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی بھٹو شہید کے افکار و نظریات کی عبارت ہے ۔ وہ خود راولپنڈی سے دو حلقوں میں امیدوار ہیں تاہم وہ ضلع جہلم اور سوہاوہ کی انتخابی مہم میں چوہدری تسنیم ناصر اور مرزا عبدالغفار کے شانہ بشانہ رہیں گے ۔

یاد رہے کہ افطار ڈنر میں بڑی سیاسی شخصیات ، قانون دانوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد کے علاوہ حلقہ پی پی 25سے سینکڑوں کارکنان اور عہدیداران نے شرکت کی ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button