جہلماہم خبریں

حکومت پنجاب ضلع جہلم کے کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدے گی۔ علی طاہر

جہلم: سیکرٹری مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ پنجاب علی طاہر کا ضلع جہلم کا دورہ، اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر کے ہمراہ کمیٹی روم میں گندم کی خریداری اور رمضان بازاروں کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمر افتخار شیرازی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر وقار علی، اسسٹنٹ کمشنر جہلم ذوالفقار سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے سیکرٹری علی طاہر کو رمضان بازاروں میں عوام کو دی جانے والی سہولیات اور انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

بعدازاں سیکرٹری مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈیولپمنٹ علی طاہر نے سستا رمضان بازار مشین محلہ، رمضان بازار دینہ اورگندم خریداری مرکز جہلم کا دورہ کیا، انہوں نے گندم خریداری مرکز میں باردانہ فراہمی ریکارڈ سمیت دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدے گی، گندم کا مقرر کردہ ہدف پورا کیا جائے گا اس سلسلے میں کاشتکاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں تاکہ وہ اپنی گندم کی پوری امدادی قیمت حاصل کرسکیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے سستے رمضان بازار مشین محلہ اور رمضان بازار دینہ کا دورہ کیا اور وہاں پر اشیاء ضروریہ کے سٹال کے علاوہ ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس ، سستی چینی و سستا آٹا سٹال کا خصوصی طور پر معائنہ کیا اور اشیاء کی مقدار و معیار کو چیک کیا۔

سیکرٹری علی طاہر نے کہا کہ رمضان المبارک میں عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران متحرک انداز میں اپنے فرائض سر انجام دیں۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت کی کہ قیمتوں کے ساتھ ساتھ اشیاء کے معیار، طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے ، اشیاء کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں آٹا، چینی سمیت ہر شے وافر مقدار میں دستیاب ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں ماسک پہننے ، سماجی فاصلہ رکھنے سمیت کورونا وائرس سے بچاؤ کے دیگر ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button