جہلماہم خبریں
ٹرینڈنگ

جہلم میں سٹی سکول کی دیوار گرنے سے 2 بچے جاں بحق، 4 ٹیچروں سمیت 16 بچے شدید زخمی

جہلم: جی ٹی روڈ کالا گجراں کے مقام پر نجی سکول کی دیوار گرنے سے 2 بچے جاں بحق، 4 ٹیچروں سمیت 16 بچے شدید زخمی، سکول میں میلادالنبیﷺ کے پروگرام کے حوالے سے ریہرسل کے دوران دیوار اسٹیج پر گر گئی تھی، ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے بچوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا، والدین اور لواحقین بڑی تعداد میں ہسپتال پہنچ گئے ، شہر کی فضاء سوگوار ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز جی ٹی روڈ کالا گجراں کے مقام پر واقع سٹی سکول میں میلاد النبیﷺکے پروگرام کی ریہرسل کی جا رہی تھی، سکول انتظامیہ نے اسٹیج کے عقب میں قائم خستہ حال دیوار کے ساتھ اسٹیج پر سایہ کرنے کیلئے شامیانوں کی رسیاں باندھ رکھی تھیں مذکورہ دیوار تیز ہوا کا جھونکا برداشت نہ کر سکی اور دیوار اسٹیج پرآ گری اسٹیج پر موجود بچے اور اساتذہ ملبے تلے دب گئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کاموں میں حصہ لیتے ہوئے بچوں اوراساتذہ کو ملبے تلے سے نکال کرسول ہسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق12بچے اور 4 ٹیچرز زخمی ہوئی ہیں جبکہ 2 بچے 15 سالہ جنید اور15 سالہ آلِ احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہا رگئے۔

زخمی ہونے والوں میں شہناز عمر 30 سال، حراء ارشد عمر 24 سال، نور خدا عمر 14 سال ایمان عمر 15 سال ، نوشین ظفر عمر 30 سال ، آئمہ عمر 8 سال ، ایمان عمر 19 سال اور عبدالله عمر 12 سال شامل ہیں۔ 4 بچوں اور 1 ٹیچر کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے انہیں راولپنڈی ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔

ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، اسسٹنٹ کمشنر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر میاں مظہر حیات، میڈیکل سپرنٹندنٹ ڈاکٹر شعیب کیانی ،بچوں کے والدین لواحقین بڑی تعداد میں ہسپتال پہنچ گئے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے حلقے جہلم میں ہونے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

سی او ایجوکیشن چوہدری معروف کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ اسکول میں میلاد النبیﷺ کے پروگرام کے حوالے سے ریہرسل جاری تھی اور اس کا اسٹیج سکول کی ایک کمزور دیوار کے ساتھ بنایا گیا تھا جس کے باعث حادثہ پیش آیا، واقعے سے متعلق محکمانہ انکوائری کا آغاز آج سے ہی کر دیا گیا ہے، ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔

شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیاہے کہ سکول انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے ، خستہ دیوار کے ساتھ رسیاں باندھنے سے حادثہ پیش آیا ہے جو کہ سکول انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button