جہلم

عیدالفطر کی آمد، خریداری کا فائنل راؤنڈ شروع، بازاروں میں رش بڑھ گیا، قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں

جہلم: عیدالفطر کی آمد ، خریداری کا فائنل راؤنڈ شروع، بازاروں میں اشیاء ضروریات زندگی خرید نے والوں کے رش میں بے پناہ اضافہ، کپڑے ، جوتوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں غریب طبقہ بے بسی کی تصویر بن کر رہ گیا۔

تفصیلات کے مطابق عیدالفطر قریب آتے ہی جہلم شہر کے بازاروں میں اشیاء ضرویات زندگی خریدنے والوں کے رش میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے ، جس کے باعث بازاروں سے سائیکل اور موٹرسائیکلوں کا گزرنا تو درکنار پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیاہے ، بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کے لئے دکانداروں نے اشیاء کی قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ کر کے عیدالفطر جیسے مذہبی تہوار کے موقع پر شہریوں کے گلے پر الٹی چھری چلانا شروع کر رکھی ہے۔

سروے کے دوران شہریوں نے بتایا کہ عید الفطر قریب آتے ہی شہر کے دکانداروں نے کپڑے اور جوتوں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر کے شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا شروع کررکھاہے ، غریب طبقے کے لئے خریداری کرنا کسی صورت بھی آسان دکھائی نہیں دیتا، ہر دکاندار نے اپنی مرضی کے مطابق چیزوں کے نرخ مقرر کررکھے ہیں ، مگر پوچھنے والا کوئی نہیں ، ناقص اور ہلکی کوالٹی کے جوتے اور کپڑوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ دنیاء کے ہرملک میں مذہبی تہوار پر اشیاء ضرویات زندگی کی قیمتیں کم کر دی جاتی ہیں ، مگر وطن عزیز میں بدقسمتی سے الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔

شہریوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیاہے کہ عیدالفطر کی آمد کے پیش نظر اپنی جیبیں بھرنے کے لئے مصنوعی مہنگائی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ غریب اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد عید الفطر کے موقع پر اپنی خوشیاں دوبالا کر سکیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button