تارکین وطن

ہماری پارٹی نے کراچی میں وقت کے فرعون کا راستہ روک کر عوام کو رہائی دلائی تھی۔ شبیر احمد قائم خوانی

بلیک برن (مظہر چودھری) پاک سر زمین پارٹی کے وائس چیئرمین اور سابق صوبائی وزیر شبیر احمد قائم خوانی نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی نے کراچی میں وقت کے فرعون الطاف حسین کا راستہ روک کر عوام کو رہائی دلائی تھی اور انشاء اللہ ہماری پارٹی آئندہ انتخابات میں پاکستان بھر سے ظلم و جبر کی قوتوں سے ٹکر لے کر عوام کو صحیح معنوں میں آزاد کروا کر ترقی و خوش حالی کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔

وہ گزشتہ روز برطانیہ کے شہر بلیک برن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کر رہے تھے،اس موقع پر پاک سر زمین پارٹی بلیک برن شاخ کے نئے عہدیداروں کا بھی اعلان کیا گیا،تقریب میں پارٹی کارکنوں کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

شبیر قائم خوانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کو مایوس کیا ہے اور اس کی تین سالہ کارکردگی انتہائی ناقص ہے،اس دور میں عوام کی تکالیف میں اضافہ ہوا ہے اور ملک کی معیشت تباہ کر دی گئی ہے،داخلی اور خارجی محاذ پر ملک بے شمار مسائل کا شکار ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی اقتدار میں آ کر پاکستان بھر کے متوسط طبقے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرے گی،کراچی سے ملک دشمن عناصر کے خلاف ہمارے قائد مصطفی کمال نے علم بلند کر کے ان کا صفایا کر دیا ہے اور آج کراچی کی رونقیں بحال ہو چکی ہیں اور پاکستان کے خلاف باتیں کرنے والے بے یارو مددگار ہیں۔

تقریب میں نظامت کے فرائض رضوان شاہ اور سینیر نائب صدرفیصل محمود مرزا نے سر انجام دیے۔اس موقع پر بلیک برن تنظیم کے نئے عہدیداروں کا اعلان بھی کیا گیا جس کے مطابق پاک سرزمین پارٹی بلیک برن (برطانیہ)کے صدر سلامت بھٹی، سینئر نائب صدر عزیز ساونت، نائب صدر محمد طاہر، نائب صدد راجہ ارشد محمود، جنرل سیکریٹری گلزار احمد گوندل، سیکریٹری اطلاعات عامر بشیر، جوائنٹ سیکریٹری ظہیر بٹ اور فنانس سیکریٹری شاہد ندیم کو متفقہ طور پر منتخب کر لیا گیا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button