جہلم میں ناجائز تجاوزات کا خاتمہ نہ ہو سکا، بااثر مافیا نے ایڈمنسٹریٹر نظام کو بھی آنکھیں دکھا دیں

0

جہلم: میونسپل کمیٹی کا شعبہ انکروچمنٹ غیر فعال، تجاوزات مافیا کی حکمرانی قائم۔ جہلم شہر وملحقہ علاقوں میں ناجائز تجاوزات کا خاتمہ نہ ہو سکا۔ بااثر مافیا نے ایڈمنسٹریٹر نظام کو بھی آنکھیں دکھا دیں، شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کی سڑکوں جن میں سول ہسپتال روڈ، جادہ چوک، سول لائن روڈ، شاندار چوک، تحصیل روڈ، چوک گنبد والی مسجد، امام بارگاہ روڈ، محمدی چوک ،قبرستان چوک، روہتاس روڈ چوک، بلال ٹاؤن، چونترہ ، کھرالہ، کریم پورہ روڈ، کالا گجراں، عباس پورہ سمیت دیگر علاقوں میں تجاوزات مافیا نے میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کے متعلقہ ذمہ داران کی ملی بھگت سے قبضے کر رکھے ہیں اور سڑک کے دونوں اطراف کئی کئی فٹ تک دکانیں قائم کر رکھی ہیں جس کی وجہ سے موٹر سائیکل سواروں ، گاڑیوں اور پیدل چلنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔
اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ مافیا کے بااثر ہونے کی سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ صبح سویرے سڑکوں کے اطراف میں بااثر دکاندار دکانیں سجا کر سڑکوں پر تجاوزات قائم کر لیتے ہیں ۔جس کیوجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔ اگر کوئی شہری دکانداروں سے تجاوز بارے دریافت کرے تو دکاندار لڑائی جھگڑا، گالی گلوچ کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔
شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.