جہلم

آئیسکو سرکل جہلم کی نااہلی، بجلی کے میٹروں اور دیگر میٹریل کا بحران شدت اختیار کر گیا

جہلم: آئیسکو سرکل جہلم میں بجلی کے میٹروں اور دیگر میٹریل کی عدم دستیابی کے باعث شہری ڈیمانڈنوٹس کی مد میں رقم جمع کروانے کے باوجود طویل عرصہ سے بجلی کنکشنوں سے محروم چلے آرہے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ کئی ماہ سے بجلی کے نئے کنکشن حاصل کرنے والے صارفین نے آئیسکو سرکل جہلم کی مختلف سب ڈویژنوں میں ڈیمانڈ نوٹسز کی مد میں لاکھوں روپے کی رقم ایڈوانس ادا کر رکھی ہے ، تاہم بجلی میٹروں کی عدم دستیابی کا جواز بنا کر آئیسکو حکام نے شہریوں کو روزانہ دفاتروں کے چکر لگوانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ، اور اس صورتحال کے نتیجہ میں صارفین کو نئے بجلی کنکشن کا حصول خواب بن کر رہ گیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ آئیسکو عملہ کی طرف سے آئیسکو سرکل جہلم کی ڈویژنوں میں خراب میٹروں کی درخواستیں بھی تاحال التواء کا شکار ہیں ، جبکہ آئیسکو حکام کیطرف سے مذکورہ میٹر تبدیل کرنے کی بجائے گزشتہ کئی ماہ سے صارفین کو ماہانہ اندازے کے مطابق بھاری بل بجھوانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس کے باعث کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین بھی بھاری بل ادا کرے پر مجبور ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہیڈ کوارٹرسے ڈیمانڈ سے انتہائی کم بجلی کے میٹرز وغیرہ فراہم کئے جارہے ہیں،جس کے باعث نئے کنکشنوں کے حصول کے سلسلہ میں دی گئی درخواستوں میں اضافہ ہوا ہے ، تاہم ہر ماہ جتنے میٹر فراہم کئے جارہے ہیں ان کے مطابق فوری کنکشن لگائے جارہے ہیں۔

عوامی حلقوں نے اس صورتحال کے خلاف شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صارفین کو فوری طور پر بجلی کنکشن فراہم کئے جائیں ، نیز خراب میٹرز بھی تبدیل کئے جائیں تاکہ بجلی صارفین کو درپیش مشکلات کا مثبت طور پر ازالہ ہو سکے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button