عمران خان نظریہ پاکستان کی بنیادی روح کے مطابق اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ سکندر حیات گوندل

0

دھریالہ جالپ: وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے غیر ذمہ دارامریکی صدر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر حقیقی اور میرٹ پر مبنی بیان دے کر پوری پاکستانی قوم کی عزت نفس میں سو فیصد اضافہ کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار سابق صدر پی ٹی آئی ضلع جہلم سکندر حیات گوندل نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارے نادان حکمرانوں نے کلمہ حق کہنے کی بجائے ذاتی مفادات کیلئے امریکہ کے آگے گھٹنے ٹیکتے ہوئے کبھی ملکی سالمیت کو نظرانداز کرتے ہوئے ہوائی اڈے دیئے اور کبھی اپنے بے گناہ شہریوں کو امریکی جیلوں میں پابندسلاسل کروایا جو کسی صورت ملک اور عوام دوستی نہیں تھی۔

سکندر گو ندل نے کہا کہ عمران خان نظریہ پاکستان کی بنیادی روح کے مطابق اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں جو اس سے قبل کسی پاکستانی سیاستدان کے بس کی بات نہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ کئی دہائیاں صوبوں اور وفاق میں حکومتیں کرکے عوام کی بجائے محض اپنا اور مخصوص عناصر کا معیار زندگی بلند کرنے والے آج تحریک انصاف کی حکومت سے ہتھیلی پر سرسوں جمانے کے تقاضے کرتے ہوئے عین احمقوں کی جنت میں رہنے کا عملی مظاہرہ کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ عناصر کی طرف سے موجودہ حکومت سے کئے جانے والے فضول اور ہوائی مطالبات کا مقدر ر دی کی ٹوکری ہے۔عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت اپنے منشور کے مطابق ملک میں 50 لاکھ گھر،ایک کروڑ نوکریاں،دس ارب سے زائد درخت لگانے سمیت وہ تمام کام کرے گی جو عوامی ضروریات اور بلند معیار زندگی کے ضامن ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.