جہلم

جہلم میں تجاوزات کی بھر مار نے شہریوں کیلئے مشکلات پیدا کر دیں

جہلم: کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں جی ٹی ایس چوک ،سلیمان پارس، جنرل بس اسٹینڈ ، مجاہد آباد پل کے نیچے سمیت دیگر علاقوں میں تجاوزات کی بھر مار نے شہریوں کیلئے مشکلات پیدا کر دیں، تجاوزات مافیا نے مستقل بنیادوں پر پنجے گاڑھتے ہو ئے شعبہ انسدادِ تجاوزات کے اہلکاروں کے ساتھ گٹھ جوڑ کرلیا ، کنٹونمنٹ انتظامیہ تجاوزات قائم کرنے والے مافیا کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں جن میں جی ٹی ایس چوک، سلیمان پارس، جنرل بس اسٹینڈ، مجاہد آباد پل کے نیچے سمیت دیگر علاقوں میں تجاوزات کی بھر مار ہو چکی ہے، تجاوزات کا خاتمہ نہ ہونے کیوجہ سے کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں میں موجود سڑکوں کی کشادگی کم ہوکر رہ گئی، ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے،پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

تجاوزات کی وجہ سے کنٹونمنٹ بورڈ کو سالانہ ٹیکس کی مد میں لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، لیکن انتظامیہ اس اہم مسئلے پر توجہ مرکوز نہیں کر رہی اسی کیوجہ سے شہر کے مصروف ترین علاقوں جی ٹی ایس چوک،چوک محلہ سلیمان پارس، مجاہد آباد پل کے نیچے قائم ہونے والی تجاوزات ، جس میںٹھیہ بانوں ‘ ریڑھی بانوں‘ چھابہ فروشو ں سمیت بڑے بڑے ریڑھوں لوڈر رکشوں پر مختلف اشیاء فروخت کرنے والوں نے تجاوزات قائم کر رکھی ہیں۔

یہ لوگ سڑک کے دونوں کناروں پر انتہائی مہارت کے ساتھ کھڑے ہو جاتے ہیں اور اپنی اشیاء فروخت کرنا شروع کر دیتے ہیں، جس سے سڑک کی کشادگی کم ہو جاتی ہے ،اور ان علاقوں میں ٹریفک جام رہنا روزانہ کا معمول بن چکا ہے،کنٹونمنٹ بورڈکا شعبہ انسداد تجاوزات عملہ قائم ہونے والی تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے مکمل لا تعلقی اختیار کئے ہوئے ہے جس کیوجہ سے مذکورہ جگہوں پر تیزی کے ساتھ تجاوزات قائم ہو رہی ہیں۔

شہریوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر کنٹونمنٹ بورڈ جہلم سے مطالبہ کیاہے کہ شعبہ انسدادِ تجاوزات کو متحرک کیا جائے تاکہ کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں میں قائم ہونے والی تجاوزات کا خاتمہ ہو اور شہریوں کو آمدورفت میں پیش آنے والی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button