جلالپور شریف پوسٹ آفس سے پنشن لینے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا

0

جلالپور شریف پوسٹ آفس سے پنشن لینے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ، پنشنرز شدید گرمی اور رمضان المبارک میں روزے کی حالت میں کئی کئی گھنٹے قطاروں میں کھڑے رہنے پر مجبور، پوسٹ آفس جلالپور شریف کا عملہ خوش گپیوں میں مگن، بزرگ معمر پنشنرز سراپا احتجاج، پنشنرز ڈاکخانے کے عملے کو جھولیاں اٹھا اٹھا کر بددعائیں دیتے رہے ، بزرگ پنشنروں اور خواتین کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق جلالپور شریف میں قائم پوسٹ آفس کے باہر شدید گرمی اور رمضان المبارک میں روزے کی حالت میں بزرگ پنشنرز اپنی پنشن کے حصول کیلئے کئی کئی گھنٹے دھوپ میں کھڑے ہو کر ڈاکخانے کے عملے کے ناز انداز دیکھنے پر مجبور، پنشنرز پنشن کی وصولی کے لئے کئی کئی گھنٹے عملے کے احکامات کا انتظارکرنے پر مجبور ،جلالپورشریف پوسٹ آفس پنشنروں کو سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکاہے۔

اس حوالے سے پنشنرز نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پوسٹ آفس میں پنشن کے لئے نہ تو سائے کا معقول انتظام ہے اور نہ ہی بیٹھنے کی کوئی جگہ مختص کی گئی ہے ، جلالپور شریف جو کہ تاریخی قصبہ ہے درجنوں کے حساب سے پنشنرز ، پنشن کے حصول کے لئے ڈاکخانے کا رخ کرتے ہیں جہاں عملہ پنشنرز کو پنشن کی ادائیگی کرنے کی بجائے موبائل فونز پر خوش گپیوں میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔

معمر پنشنرز کئی کئی گھنٹے ڈاکخانے کے عملے کی منت سماجت کرتے ہیں سفارشی پنشنرز اور محکمہ ڈاک کے ملازمین کے ساتھ معاملات طے کرنے والے پنشنر کو آنکھ جھپکنے سے قبل پنشن ادا کر دی جاتی ہے ۔ جبکہ معاملات طے نہ کرنے والے پنشنرز کو گھنٹوں رسواء کیا جاتا ہے ۔

معمر پنشنرز نے پوسٹ ماسٹر جنرل سے مطالبہ کیاہے کہ جلالپور شریف ڈاکخانے میں تعینات عملے کو تبدیل کیا جائے تاکہ بزرگ شہری دھوپ میں کھڑے ہونے کی بجائے بروقت پنشن وصول کرکے اپنے گھروں کو لوٹ سکیں ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.