جہلم

ماہ صیام کا آخری عشرہ شروع ہونے اور عید الفطر قریب آنے کے پیش نظر بازاروں میں رش بڑھنے لگا

جہلم: ماہ صیام کا آخری عشرہ شروع ہونے اور عید الفطر قریب آنے کے پیش نظر شہر بھر کے بازاروں میں رش بڑھنے لگا دکانیں اور مارکیٹیں رات دیر تک کھلنے لگیں۔

مارکیٹوں میں عید الفطر کی خریداری کے لئے رش میں اضافے کے بعد ٹریفک کے مسائل میں بھی اضافہ سامنے آنے لگا ، عید الفطر کی خریداری کے لئے جہلم کے تمام بازاروں میں جگہ جگہ عید الفطر کے لئے ملبوسات ، کپڑوں ، چوڑیوں ، جوتوں کے خریداروں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ریکارڈ کیا جارہاہے ، عید الفطر کی خریداری کے لئے بچے ، بچیاں اور عورتیں بازاروں کا رخ کر رہی ہیں۔

بازارو ں میں معروف کمپنیوں اور برانڈز کی طرف سے عید سیل کا انعقاد بھی کیا گیا ہے ، جس کے باعث عید کی خریداری میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے اس کے علاوہ شہر بھر میں سستے ملبوسات ، جوتے ، چوڑیاں اور مہندی خریدنے کے لئے بھی دکانداروں نے جگہ جگہ سٹال سجا رکھے ہیں جہاں چھوٹی چھوٹی بچیاں اپنی ماؤں کے ہمراہ خریداری کرتی دکھائی دیتی ہیں ۔ مارکیٹوں ، سٹالوں ،دکانوں کے رات کو بند ہونے کے اوقات کم از کم رات12 بجے سے 1 بجے تک پہنچ چکے ہیں۔

دکانداروں کے مطابق چاند رات اور اس سے دوروز قبل دکانیں صبح سحری اور نماز فجر تک کھلی رہیں گی ،دوسری جانب پولیس نے شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لئے بازاروں کے داخلی و خارجی راستوں پر بیرئیر نصب کر دیئے ہیں جبکہ شہر کے بازاروں میں پولیس گشت بھی بڑھا دی گئی ہے تاکہ کسی قسم کی واردات سے بچا جا سکے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button