جہلماہم خبریں

آمد رمضان؛ اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں ہوشربا خود ساختہ اضافہ، عوام کی قوت خرید جواب دینے لگی

جہلم: آمدِ رمضان اور مہنگائی کا طوفان، اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں ہوشربا خود ساختہ اضافہ عوام کی قوت خرید جواب دینے لگی۔ سستے رمضان بازار سرکاری افسران اور ارباب حکومت کے فوٹو سیشن کے مراکز، بڑھتی ہوئی غربت، مہنگائی اور بے روز گاری کے مسائل نے عوام کو بد حال کر دیا۔آئی ایم ایف کو راضی کرنے کے لیے سارا بوجھ غریب عوام پر ڈالا جا رہا ہے، گرانفروشوں کے خلاف انتظامیہ کی عدم توجہی عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ حکومت نے عوام کے گران فروش مافیا کے رحم و کرم پرچھوڑ دیا ہے رمضان المبارک کی آمد سے قبل خود ساختہ مہنگائی کے مارے عوام سروے کے دوران پھٹ پڑے۔

سروے کے مطابق رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی ملک بھر سمیت جہلم میں بھی مہنگائی کا طوفان امنڈ آیا ہے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے عوام کی قوت خرید جواب دینے لگی ہے۔ عوامی اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی گرانفروش مافیا حرکت میں آ گیا ہے اور قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر کے عوام کا بھرکس نکالنے لگا ہے، انتظامیہ کی طرف سے کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہ لانا گران فروش مافیا کے آگے گھٹنے ٹیکنے کے مترادف ہے ۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کے مسائل نے عوام کے بدحال کر دیا ہے۔ مہنگائی نے روٹی کپڑا اور مکان کو عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا گیا ہے ۔ ضلع بھر میں سبزیوں ، پھلوں، دالوں،چاول ، آٹے اور چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیںجبکہ سستے رمضان بازار بھی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے سوا کچھ نہیں۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومتی اقتصادی اصلاحات سے متعلق فیصلوں، اعلانات اور اقدامات سے وابستہ امیدیں بھی دم توڑ گئی ہیں مہنگائی کے طوفان در طوفان اٹھنے اور بے روزگاری کے جھکڑ چلنے کے باعث عوام کی مشکلات میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔

سروے کے دوران لوگوں کا کہنا تھا کہ ایک طرف سرکاری مہنگائی نے جینا دوبھر کیا تھا اب مصنوعی مہنگائی نے کمر توڑ دی ہے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں عدم استحکام حکومت کی نا اہلی اور گراں فروش مافیا کے آگے گھٹنے ٹیکنے کے مترادف ہے ۔

عوامی سماجی حلقوں نے حکومت اور ارباب اختیار سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے مہنگائی کے طوفان کو روکنے کے ساتھ ساتھ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استخام پیدا کرنے اور مصنوعی مہنگائی کا سبب بننے والت مافیا کے خلا ف آہنی ہاتھوں سے نپٹا جائے۔ اگر حالات برقرار رہے تو عوام فاقوں مرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

سروے کے دوران عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ فوٹو سیشن کروانے کے بجائے عوام کو ریلیف دینے کے عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button