پنڈدادنخاناہم خبریں

وزیراعظم عمران خان 26 دسمبر کو پنڈ دادنخان کا دورہ کریں گے

پنڈدادنخان: وزیر اعظم پاکستان 26 دسمبر بروز جمعرات پنڈدادن خان کا دورہ کریں گے ، جلالپور کندوال نہر کا سنگ بنیاد رکھیں گے ، جلسہ عام بھی ہو گا ، تیاریاں مکمل، وزیر اعظم جہلم کے لیے اہم میگا پراجیکٹس کا اعلان کریں گے۔ وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان جہلم کا پہلا دورہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان بروز جمعرات 26دسمبر کو تحصیل پنڈ دادنخان کا دورہ کریں گے جہاں ان کا استقبال وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فوا د چوہدری، ایم این اے چوہدری فرخ الطاف ، ایم پی اے راجہ یاور کمال، چوہدری ظفر اقبال، سبرینہ جاوید ، سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین اورمقامی تحریک انصاف قیادت کرے گی۔
عمران خان اپنے دورہ کے دوران جلالپور کندوال نہر کے 129سال پرانے منصوبے کو عملی شکل دینے کیلئے نہر کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے، اس حوالے سے تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گئیں اور ہیلی پیڈ بنا دیا گیا، ڈی ایس پی پنڈ دادنخان سلیم اللہ خٹک سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
نہر کے افتتاح کے بعد عمران خان عوامی جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے جبکہ مقامی رہنماوں سے ملاقات بھی شیڈول میںشامل ہے ۔
جلالپور کندوال نہر کا منصوبہ 129سال سے پنڈدادنخان کے عوام کی مطالبہ رہا ہے اور متعدد بار سابقہ ادوار حکومت میں اس کو شروع کرنے کی کوشش کی گئی لیکن یہ منصوبہ شروع نہ ہو سکا، الیکشن 2018میں اس علاقے سے منتخب ہونے والے وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری کی کاوشوں سے یہ منصوبہ منظور ہوا جس پر ابتدائی کام کافی دن سے جاری ہے اور باقاعدہ سنگ بنیاد 26 دسمبر کو رکھا جائے گا۔
تحصیل پنڈدادن خان پنجاب کی پسماندہ ترین تحصیل ہے اور یہاں کی نوے فیصد زمین کلر زدہ ہونے کی وجہ سے بنجر پڑی ہے نہر کے منصوبے سے لاکھوں مربعے زمین سیراب ہو کر قابل کاشت ہو جائے گی نہر کی لمبائی 117 کلومیٹر جبکہ تکمیل کی مدت چار سال بتائی جاتی ہے۔
اہل علاقہ کے مطابق نہر کی تعمیر سے علاقہ کی قسمت بدل جائے گی اور پنجاب کی پسماندہ ترین تحصیل سب سے ترقی یافتہ تحصیل کی طرف سفر شروع کر دے گی ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button