جہلم اپڈیٹس کی خبر پر ڈپٹی کمشنر کا نوٹس، آئیسکو کو پرائمری سکول ٹھل کے صحن میں نصب بجلی کے پول کو ہٹانے کا حکم

0

پنڈدادنخان: جہلم اپڈیٹس کی خبر پر ڈپٹی کمشنر جہلم کا نوٹس،تحصیل پنڈدادنخان ایکسیئن آئیسکو کی ہدایت پر گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول ٹھل کے صحن میں نصب بجلی کا پول ہٹانے کے لیے سروے، ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ کے نوٹس پر ایکسیئن آئیسکو پنڈدادنخان نے جلد سروے رپورٹ مکمل کرنے اور ڈیمانڈ نوٹس کے اجراء کے بعد ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر کو بجھوا نے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل جہلم اپڈیٹس میں گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول ٹھل تحصیل پنڈدادنخان کے صحن میں بجلی کے پول کے متعلق خبر شائع ہوئی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ تحصیل پنڈدادنخان ایکسیئن آئیسکو کو اس سلسلہ میں عملی اقدامات اٹھانے کے لیے احکامات جار ی کریں کیونکہ اس پول کے شارٹ ہونے کی وجہ سے عمران نامی مقامی نوجوان کرنٹ لگنے سے متاثر ہوا، اور ایکسیئن واپڈا پنڈدادنخان کے آرڈر کے باوجود ابھی تک پول گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول ٹھل کے صحن میں جوں کا توں ہے۔

خبر کی اشاعت کے بعد آئیسکو حکام نے فوری طورپر نوٹس لیتے ہوئے سکول کے صحن میں نصب اس خطرناک پول کا سروے مکمل کر لیا ہے اب اس کی رپورٹ بنانے کے بعد ڈیمانڈ نوٹس جاری کیا جائے گا جو ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر پنڈدادنخان کو بجھوا دیا جائے گا۔

اہل علاقہ نے آئیسکو کے اس اقدام کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ڈی او ایجوکیشن اور سی او ایجوکیشن جہلم بھی خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے اس پول کی جلد ازجلد سکول سے باہر نصب کروانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے کیونکہ بجلی کا پول سکول کے صحن میں ہونے کی وجہ سے کسی بھی وقت کوئی جانی سانحہ ہو سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.