ضلع جہلم اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش، سردی میں مزید اضافہ

0

جہلم: ضلع جہلم اور گردونواح میں موسلا دھاربارش سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔

ضلع کی چاروں تحصیلوں جہلم، سوہاوہ، پنڈدادنخان اور دینہ سمیت کئی علاقوں میں گزشتہ روز سے جاری وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

بارش کے باعث سرکاری و نجی سکولوں میں حاضری کم رہی ‘ صبح تواتر سے بارش ہونے کے باعث بیشتر والدین نے بچوں کو چھٹی کرالی ‘جو بچے سکول گئے انہیں بارش اور کیچڑ کے باعث سخت مشکلات پیش آئیں ۔

بارش اور کیچڑ سے کئی بچوں کے پھسل کر زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ دیہات کے علاقوں میں سکولز میں تو حاضری نہ ہونے کے برابر رہی، محض10سے 15فیصد بچے سکول حاضر ہو سکے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ ایک روز تک جاری رہے گا۔ آج جہلم شہر کا درجہ حرارت کم سے کم 6ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادسے زیادہ 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

جہلم میں بارش کے باعث سردی بڑھتے ہی خشک میوہ جات کی فروخت میں بھی اضافہ ہوگیا۔

جہلم، پنڈدادنخان، دینہ اور سوہاوہ سمیت مختلف مقامات پر سموسے، پکوڑے، دہی بڑے، سوپ، یخنی ، ابلے ہوئے انڈے،چاٹ و دیگر چٹ پٹی اشیاء فروخت کرنیوالوں کی دکانوں پر شہریوں کا رش دیکھا گیا۔

شہری موسم کی مناسبت سے چٹ پٹی اشیاء کی خریداری میں مصروف نظر آئے جبکہ متعدد شہریوں کی جانب سے اپنے گھروں میں بھی مختلف پکوان تیار کئے گئے ۔

ادھر ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.