انتخابی فہرست میں ووٹ کا اندراج صرف شناختی کارڈ پر درج پتہ پر کروایا جاسکتا ہے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر

0

جہلم: محمد ندیم نے کہا کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 27 کے مطابق اب انتخابی فہرست میں ووٹ کا اندراج صرف شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر کروایا جاسکتا ہے ،ایسے تمام رائے دہندگان جن کے نام انتخابی فہرستوں میں ان کے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی دیگر پتہ کے مطابق درج ہیں ،ان سے درخواست ہے کہ وہ مندرجہ بالا ایکٹ کی روشنی میں 31 دسمبر 2018 تک اپنے ووٹ اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق منتقل کروالیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جہلم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے لیے فارم نمبر 21 الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ یا رجسٹریشن افسر،ضلعی الیکشن کمشنر کے دفاتر سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔درخواست گزار اپنے فارم کے ساتھ اپنے شناختی کارڈ کی اصل کاپی لازمی منسلک کریں اور ہر طرح سے مکمل فارم متعلقہ رجسٹریشن افسر،ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر میں جمع کروائیں۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کہا کہ سرکاری ملازم اور اہل خانہ (خاوند ،بیوی اور بچی) اپنے ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ ایسے پتہ پربھی کرواسکتے ہیں جہاں پر ملازمت کی وجہ سے عارضی رہائش اختیار کی گئی ہو۔واضح رہے کہ الیکشن رولز 2017 کے مطابق فارم نمبر 21 درخواست گزار بذاتِ خود جمع کروائے گا ، بصورت دیگر فارم اختیار نامہ کے ساتھ بذریعہ اپنے والد، والدہ، خاوند ،بیوی، بیٹے ،دختر بھی جمع کروایا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات جاننے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کریں۔ تمام اضلاع میں قائم مراکز معلومات و شکایات کی فہرست الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ سے حاصل کی جاسکتی ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.