عوامی مسائل کو نچلی سطح پر حل کرنے کیلئے یونین کونسل سطح پر انتظامی کمیٹیاں بنا رہے ہیں۔ چوہدری فراز حسین

0

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے راہنماء وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے بھائی چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت اور جہلم کی تعمیروترقی ہمارا عزم ہے،علاقائی سطح پر عوامی مسائل کو نچلی سطح پر حل کرنے کے لیے ہم یونین کونسل سطح پر انتظامی کمیٹیاں بنا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم اپڈیٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل دارا پور، نکہ، ناڑا، چوٹالہ، سنگھوئی، کوٹلہ فقیر،مونن اور یونین کونسل گھرمالہ میں جلد کمیٹیاں بنا دی جائیں گی ان انتظامیہ کمیٹیوں میں وہ لوگ شامل ہوں گے جو بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کے خواہش مند ہیں اور نچلی سطح پر لوگوں کے مسائل سنیں،ان کمیٹیوں کا مقصد حلقہ کی عوام کو انکی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ انکو اسلام آباد لاہور اور جہلم کے چکر نہ لگانا پڑیں۔

فراز چوہدری نے کہا کہ مارچ میں علاقائی ثقافت اور کھیلوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جہلم کی عوام کو تفریح سہولیات فراہم کرنے کے لیے میگا سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں کرکٹ،فٹبال،ہاکی،ٹومبی،والی وال،کبڈی،اکھاڑہ بگدر،نیزہ بازی سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے۔

فراز چوہدری نے بتایا کہ فیسٹیول میں مشاعرے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں عالمی شہرت یافتہ شعراء کرام شرکت کریں گے۔ تین روزہ میلے میں فیملیز کو تفریح فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے نامور سنگرز کو بھی مدعو کیا جائے گا جبکہ سرکس سمیت مختلف اقسام کے اسٹالز بھی لگائے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کر دی ہے،صفائی کے انتظامات کے لیے چیف افسر میونسپل کمیٹی ناصر وڑائچ،سپورٹس کمیٹی کے انچارج سابق ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری جاوید لوٹا مقرر کیے گئے ہیں،انشاء اللہ یہ ایک کامیاب فیسٹیول ہو گا ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.