کھیوڑہ شہر کے لئے فواد حسین چوہدری اُمید کی کرن

تحریر: سلیمان شہباز

0

ضلع جہلم کی آبادی کے لحاظ سے بڑی تحصیل پنڈدادنخان اور جہلم کا دوسرا بڑا شہر کھیوڑہ کئی دہائیوں سے مسائل کا شکار ہے جسکی بنیادی وجہ یہاں سے ماضی میںمنتخب ہونے والے نمائندے ہیں کان نمک کے علاوہ کھیوڑہ شہر کی پہچان یہ بھی تھی کہ ضلع جہلم اور خاص طور پر کھیوڑہ شہر مسلم لیگ ن کا ناقابل تسخیر قلعہ بھی تھا۔ جوکہ عوام کے بنیادی مسائل حل نہ ہونے کی وجہ سے مسمار ہو چکا ہے اس لیے قومی الیکشن میں پاکستان تحر یک انصاف نے ضلع جہلم میں کلین سویپ کیا اس کے باوجود آج بھی مسلم لیگ کے ووٹر اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی سست حکمت عملی کے باعث عوام کو اب بھی یہ توقع ہے کہ ان کے مسائل جلد حل ہوں گے ۔کھیوڑہ شہر اور تحصیل بھر میں پانی جیسے بنیادی مسئلہ کے ساتھ ساتھ صحت ،تعلیم ،صفائی اور دیگر مسائل آج بھی جوں کے توں ہیں چیئرمین میونسپل کمیٹی کھیوڑہ اور انتظامیہ کی لاپروائی اور ہٹ دھرمی کے باعث ضلع جہلم کا دوسرا بڑا شہر کھیوڑہ گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل ہو چکا ہے ۔ نالے نالیوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بارشوں کا پانی گلی محلوں میں کھڑا ہے جو کہ تا لابوں کا منظر پیش کررہا۔

یہی وجہ ہے کہ پچیس میں سے بائیس کونسلرز نے چیئر مین کے خلاف عدم اعتماد کی درخواست جمع کروائی جس کے بعد چیئرمین اور وائس چیئرمین نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا جبکہ کھیوڑہ میں 1940میں قائم ہونے والی بین الاقوامی شہرت کی حامل آئی سی آئی سوڈا ایش بزنس کھیوڑہ جہاں تحصیل پنڈدادنخان کے ہزاروں افراد کو روزگار کے بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے وہیں لوکل کمیونٹی کو پینے کے صاف پانی کے لیے درجنوں کنکشن بھی شہر بھر میں دے رکھے ہیں۔

کھیوڑہ کے عوام کو صاف و شفاف حفظان صحت کے مطابق پانی مل رہا ہے جو کہ ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کھیوڑہ کی ذمہ داری ہے کہ کھیوڑہ شہر کے عوام کو صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولتیں مہیا کرے موسم سرما کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے نکاسی آب کے ساتھ ساتھ صفائی کے ناقص انتظامات اور گزشتہ سال میں تعمیر ہونے والی ناقص تعمیر سے مین روڈ کھیوڑہ کے پول بھی کھول رہا ہے جوکہ تیزی سے ٹوٹ پھوٹ کا شکا ر ہورہی ہے۔

نالے اور نالیوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث بارشوں کا پانی گلی محلوں میں کھڑا رہتا ہے جبکہ شہر کے متعدد وارڈ گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل ہو چکے ہیں جبکہ انتظامیہ فوٹو سیشن اور بیانات پر زور دیئے ہوئے ہے ہر وارڈ میں دو دن کے بعد صفائی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ۔سول ہسپتال کا نالہ عرصہ سے بند پڑا ہے اور گول مارکیٹ کے نالے کا گندہ پانی مین سڑک پر بہہ رہا ہے۔

کھیوڑہ میونسپل کمیٹی میں شہر کی صفائی کے لیے مشینر ی اور عملہ موجود ہے لیکن پھر بھی صفائی کے انتظامات نظر نہیں آتے ۔ کھیوڑہ میونسپل کمیٹی کے صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے شہری ذہنی اذیت میں مبتلا ہوچکے ہیں اسکے علاوہ پانی کے مسلہ کے حل کے لیے میٹھا پتن واٹر سپلائی کی بہتری اور بیلہ واٹر سپلائی کے کاموں کے بہت دعوے کئے گئے لیکن کھیوڑہ شہر میں پانی کئی کئی ہفتوں کے بعد تھوڑی دیر کے لیے دیا جاتا ہے بعض محلوں میں تو دیا ہی نہیں جاتا کھیوڑہ شہر میں اکثریت مزدور طبقہ کی ہے لوگ اسی کشمکش میں رہتے ہیں کے وہ اپنی دیگر ضروریات پوری کریں یا پانی خرید یں ۔

بلدیات قائم ہوئے دوسال سے زائد کا وقت گزر چکا ہے مگر ابھی تک شہریوں کو گھروں میں پانی کی سپلائی کا کو ئی شیڈول نہیں مل سکا ۔جبکہ کھیوڑہ شہر میں پینے کے پانی کا مسئلہ شدت اختیار کر چکا ہے ۔ جبکہ آئی سی آئی سوڈا ایش کھیوڑہ نے کرڑوں روپے کے دو عدد جنر یٹر بھی بلدیہ کودئیے ہیں تاکہ شہر کی پانی کی سپلائی چوبیس گھنٹے جاری رہے۔

آبادی کے لحاظ سے شہر کو بیس وارڈوں میں تقسیم کیا گیا ہے جہاں مناسب مقدار میں پانی کی شفاف ترسیل میونسل کمیٹی کی ذمہ داری ہے جس کا وہ ماہانہ بل وصول کرتی ہے تاہم یہاںکی انتظامیہ عام عوام کو پانی کی مناسب فراہمی سے زیادہ پانی کو کمرشل بنیادوں پر فروخت کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے جس کا واضع ثبوت یہ ہے کہ کمرشل کنکشنوں میں دن رات پانی دستیاب ہوتا ہے۔

منتخب قیادت فواد حسین چوہدری کو چاہیے کہ کم از کم دس سال پانی پر ہونے والے اخراجات کا آڈ ٹ کروا لیں تو بہت سے حقائق سامنے آ جائیں گے ۔کھیوڑہ شہر میں آئی سی آئی سوڈا ایش نے پینے کے صاف پانی کے درجنوں کنکشن عوام کے لیے دیئے ہوئے ہیں جس سے کھیوڑہ شہر کی آبادی کی اکثریت مستفید ہورہی ہے۔

اسی طرح پی ایم ڈی سی نے بھی کھیوڑہ شہر کے لیے ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ لگا کر دیا ہوا ہے لیکن مقامی انتظامیہ کا پانی کے مسئلہ پر کیا کردار ہے جب مقامی ادارے عوام کو پینے کا صاف پانی دے سکتے ہیں تو مقامی انتظامیہ کو بھی چاہیے کے عملی اقدامات کر کہ میٹھاپتن واٹر سپلائی کو بہتر طریقے سے فعال کر کہ صاف پانی کے مسئلہ پر قابو پایا جائے بیانات اور سوشل میڈیا تشہیر سے ہٹ کر شہر کے لیے عملی طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔

کھیوڑہ شہر کے نوجوانو ں کی بڑی تعداد نے حلقہ PP27 اورNA67سے کامیاب ہونے وا لے وفاقی وزیر اطلاعات و نشرعات فواد چوہدری سے بہت سی اُمیدیں لگائی ہوئی ہیں کیونکہ الیکشن سے پہلے فواد چوہدری نے تحصیل پنڈدادنخان کے عوام سے بہت سے وعدے کئے تھے۔

تحصیل پنڈدادنخان میں اصل تبدیلی تب وجود میں آئے گی جب یہاں کی ماؤں بہنوں کے سر سے پانی کے گھڑے اتر جائیں گے اور ان کو پانی گھروں میں ہی ملے گا۔ فواد حسین چوہدری اور ان کے بھائی معروف قانون دان فیصل چوہدری نے اپنی مصروفیت کے باوجود پہلے کی طرح تحصیل پنڈدادنخان کے عوام کو وقت دے رہے ہیں۔ اور عوام کے مسائل حل کروا نے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں کیونکہ قیادت نے ان پر بہت اہم ذمہ داریاں بھی ڈالی ہوئی ہیں ۔

پی ٹی آئی میں ان کی پوزیشن سب کے سامنے ہے اور وہ ہر وقت مرکزی قیادت کے ساتھ موجود ہوتے ہیں اس لیے ہی عوام کا یقین ہے کہ اب ان کے مسائل کے خاتمہ کا وقت بہت قریب ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.