جہلم میں تبدیلی کا آغاز میونسپل کمیٹی کھیوڑہ سے ہو گیا، چیئرمین نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

چیئرمین اور وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی کھیوڑہ کا فیصلہ مشاورت سے کریں گے،فواد چوہدری

0

پنڈدادنخان: ضلع جہلم میں تبدیلی کا آغاز میونسپل کمیٹی کھیوڑہ سے ہو گیا، عدم اعتماد کی تحریک پیش ہوتے ہی چیئرمین میونسپل کمیٹی کھیوڑہ ملک فیصل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا،25 ممبران میں سے 22 ممبران نے چیئرمین میونسپل کمیٹی کھیوڑہ کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔
عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے اور چیئرمین میونسپل کمیٹی کھیوڑہ کو استعفیٰ دینے کیلئے مجبور کرنے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فراز چوہدری ، سابق تحصیل ناظم پنڈدادنخان چوہدری عابد اشرف جوتانہ، ملک باصر کھوکھر اور پاکستان تحریک انصاف کے کھیوڑہ اورپنڈدادنخان کے رہنمائوں نے اہم کردار ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کھیوڑہ کی عدم اعتماد کی تحریک کا ڈراپ سین مکمل ہو گیا، ضلع جہلم میں تبدیلی کا آغاز میونسپل کمیٹی کھیوڑہ سے ہو گیا۔ عدم اعتماد کی تحریک پیش ہوتے ہی چیئرمین میونسپل کمیٹی کھیوڑہ ملک فیصل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
چیئرمین میونسپل کمیٹی کھیوڑہ ملک فیصل عباس کے خلاف عدم اعتماد کی درخواست 18کونسلروں نے ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ جہلم کو درخواست دی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ہم چیئرمین ملک فیصل عباس اختیارات سے تجاوز، رشوت، کرپشن، اقرباء پروری، فرائض سے غفلت کے باعث کھیوڑہ شہر کی ابتر حالت، صفائی کا ناقص انتظام، ماحولیاتی آلودگی میں عدم دلچسپی، مخصوص سیاسی سرگرمیاں، انتقامی کاروائیاں اور کونسلروں سے نامناسب رویہ اور من مانی کی بنا پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔

تحریک عدم اعتماد کی درخواست پر اجلاس دو فروری کو طلب کیا گیا تھا جبکہ گزشتہ روز وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی کھیوڑہ ملک شوکت حیات نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد ملک فیصل عباس سیاسی تنہائی کا شکارنظر آتے تھے۔
تحریک عدم اعتماد میں کردار ادا کرنے والے میونسپل کمیٹی کھیوڑہ کے کونسلرز نے چیئرمین میونسپل کمیٹی کھیوڑہ کے استعفیٰ دینے کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری سے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے میونسپل کمیٹی کھیوڑہ کے تمام کونسلر اور پی ٹی آئی جہلم اور پنڈدادنخان کے رہنمائوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جہلم سے تبدیلی کا آغاز ہو گیا ہے، ہم کھیوڑہ کے تمام کونسلر اور پی ٹی آئی کے رہنمائوں سے مشاورت کے بعد چیئرمین اور وائس چیئرمین کے امیدواروں کا فیصلہ کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کر کے جہلم اور خاص کر تحصیل پنڈدادنخان کی پسماندگی کو دور کرنا ہے، کھیوڑہ کے بعد پنڈدادنخان اور اس کے بعد آہستہ آہستہ تبدیلی کا سفر جہلم کی طرف قدم بڑھائے گا، فواد چوہدری نے کہا کہ ہم بلدیاتی اداروں اور نمائندوں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں تا کہ نچلی سطح تک عوام کو سہولیات میسر ہو ں۔

انہوں نے کہا کہ 9 ارب کی لاگت سے للِہ انٹرچینج تا جہلم ڈبل روڈ کی منظوری ہو گئی ہے، اس پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے تہہ دل سے مشکور ہیں، ڈبل روڈ کی تعمیر سے جہلم میں تعمیر و ترقی اور خوشحالی کا آغاز ہو گا۔ تحصیل پنڈدادنخان کی عوام کو سوئی گیس کی فراہمی کیلئے بھی کام شروع ہو چکا ہے، انشاء اللہ تعالیٰ تحصیل پنڈدادنخان سے پانی کا مسئلہ بھی جلد حل ہو جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.