دینہاہم خبریں

دینہ کے 2 نوجوان بھائی کورونا رپورٹس منفی آنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئے

دینہ: سول ہسپتال جہلم میں دینہ کے نواحی علاقہ کے رہائشی 2 سگے بھائی زندگی کی بازی ہار گئے، دونوں ہسپتال میں زیرعلاج تھے اور دونوں کی کورونا رپورٹس منفی آئی تھیں، علاقہ میں میتوں کے پہنچنے پر کہرام مچ گیا ، ہر آنکھ اشکبار، دونوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے شبہ میں سول ہسپتال جہلم میں زیر علاج دینہ کے گاؤں سیدحسین کے دو حقیقی بھائی ذیشان جاوید اور فاروق جاوید کورونا رپورٹس منفی آنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئے۔
دونوں بھائی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج تھے اور دونوں بھائیوں کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ دونوں بھائیوں کی عمریں 26 سال اور 28 سال کے درمیاں تھیں ۔ ذیشان جاوید عرف شانی دینہ کے معروف قانون دان عابد حسین عابد ایڈووکیٹ کا منشی تھا۔

دونوں بھائی دمے کی بیماری میں مبتلا تھے ،پہلے ایک بھائی کی فوت ہوا جبکہ اس کے 2منٹ بعد بھی دوسرا بھائی بھی خالق حقیقی سے جا ملا ۔نوجوانوں کی میتیں آبائی علاقے میں پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا، نوجوان کی نماز جنازہ آبائی علاقے سد حسین میں شام چھ بجے ادا کی گئی۔
اس حوالے سے اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ دونوں نوجوان بظاہر صحت مند تھے ایک بھائی ضلع کچہری میں بطور منشی کام کرتا تھا جبکہ دوسرا بے روزگار تھا دونوں کی ایک ہی وقت میں اچانک وفات نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے اور نوجوانوں کے انتقال پر شہریوں میں زبردست چہ میگوئیاں جبکہ کورونا مریضوں میں سخت خوف وہراس پایا جاتا ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کورونا ٹیسٹ رپوٹ منفی آنے کے بعد نوجوانوں کے انتقال کی وجہ جاننے کی بجائے ان کی میتوں کو گھروں کو بھیج دیا گیا اور پوسٹ مارٹم کرنے کی زحمت بھی نہ کی گئی۔
اس حوالے سے ڈاکٹر وسیم اقبال چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی جہلم نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ 2 مشتبہ افراد آج ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں جاں بحق ہوئے ہیں جن کی کورونا وائرس کی رپورٹ منفی ہے، موت کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کورونا وائرس کے شبہ میں سول ہسپتال میں داخل دینہ کا 36 سالہ نوجوان ملک عامر شہزاد کورونا وائرس کے 2 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انتقال کر گیا تھا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button