جہلم

کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن جہلم کی کال پر ضلع بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

جہلم: ڈرگ ایکٹ2017ء کے خلاف کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن جہلم کی کال پر ضلع بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، ادویات کے کاروبار سے وابستہ تمام دوکانیں، میڈیکل سٹور، ڈسٹری بیوٹرز بند،ہومیوپیتھک اور دیسی دواخانے بھی بند، میڈیکل سٹورز کی ہڑتال کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ۔

تفصیلات کے مطابق ڈرگ ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پنجاب حکومت کے ساتھ ڈرگ ایکٹ میں ترمیم نہ ہونے کے خلا ف ضلع بھر کے ڈرگ ڈسٹری بیوٹر ز اور میڈیکل سٹورز مالکان نے مرکزی باڈی کی ہدایت پر مکمل ہڑتال کی ، اور شاندار چوک میں احتجاجی کیمپ لگایا۔

اس موقع پر ڈرگ ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن ضلع جہلم کے صدر محمد افتخار نے بتایاکہ ڈرگ ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن اور میڈیکل سٹور زکے کاروبارکے ساتھ لاکھوں افراد وابستہ ہیں لیکن پنجاب حکومت کی جانب سے ہمارے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا جارہا ہے ہمارے جائز مطالبات تسلیم کرنے کی بجائے جھوٹی طفل تسلیاں دی جاتی ہیں جبکہ احتجاج موخر کرنے پر دوبارہ گھناونی سازشیں شروع کردی جاتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈرگ ایکٹ میں متنازعہ شقوں کو تبدیل کرنے کے وعدہ کے باوجود ابھی تک حکومت نے کوئی اقدام نہیں کیا بلکہ ہم کو ڈر گ انسپکٹر ز کے چھاپوں، جرمانوں اور مختلف کاروائیوں کے ذریعے بلیک میل کیا جارہا ہے ۔ اس لئے مرکزی قیادت کی ہدایت پر مکمل ہڑتال جاری رہے گی اور آئندہ کا لائحہ عمل بھی مرکزی قیادت کے مشورہ سے مرتب کیا جائے گا ۔

دوسری طرف میڈیکل سٹورز کی ہڑتال کے باعث ہزاروں افراد ادویات کیلئے دربدر ہوتے رہے ، سول ہسپتال کے اندر دستیاب ضروری ادویات کے علاوہ باہر سے منگوائی جانے والی ادویات کی عدم فراہمی کے باعث خواتین بچے ، بزرگ سخت تکلیف میں مبتلا اور حکومت کی ناقص پالیسیوں کو کوستے رہے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button