جہلم

جہلم کی تاریخ کا سب سے بڑاجلسہ ثابت کرتا ہے کہ عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔ فواد چوہدری

جہلم: سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری نے کہا کہ ضلع جہلم کے غیور عوام کا مشکور ہوں،جنہوں نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ محبتوں کا ثبوت دیا، ضلع جہلم کی تاریخ کا سب سے بڑاجلسہ ثابت کرتا ہے کہ عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری نے کہا کہ ضلع جہلم کے عوام نے جس طرح چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمر ان خان کے دورہ جہلم کے موقع پر جلسہ عام میں شرکت کی اس سے ثابت ہوگیاہے کہ ضلع جہلم سمیت ملک بھر کے عوام چیئرمین عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستانی قوم کو اپنے حقوق حاصل کرنے اور غیروں کے آگے نہ جھکنے کا درس دیا، یہی وجہ ہے کہ ان کی دلیری کیوجہ سے آج پوری پاکستانی قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، حکومت کے پاس عمران خان کو روکنے کا کوئی راستہ موجود نہیں ، جب اسلام آباد لانگ مارچ کی کال چیئرمین عمران خان دینگے تو لاکھوں لوگوں پر مشتمل عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر عمران خان کی کال پر اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہوگا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ چیئرمین عمران خان کے دورہ جہلم کے موقع پر ضلع جہلم میں میلے کا سماں تھا نوجوانوں ، بزرگوں اور خاص کر خواتین نے جلسہ گاہ پہنچ کر عمران خان کے ساتھ ان کے بازو بننے کی حامی بھری ، این اے 66 اور این اے 67 کے عوام اور پارٹی کے کارکنان کا تہہ دل سے مشکور ہوں، جنہوں نے بڑی ریلیوں کی شکل میں چیئرمین عمران خان کا استقبال کیا۔

فواد حسین چوہدری نے تحصیل سوہاوہ، تحصیل دینہ، تحصیل جہلم اور تحصیل پنڈدادنخان کے باغیرت، دلیر، غیور عوام سمیت ضلع گجرات ، میر پور آزاد کشمیر سمیت ملحقہ علاقوں کے عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کااستقبال کیااور جلسے کو کامیاب بنایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button