جہلماہم خبریں

جہلم اور میرپور آزادکشمیر میں ایک بار پھر زلزلہ، میرپور میں 92 افراد زخمی

جہلم اور میرپور آزاد کشمیر میں دو روز قبل آنے والے زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور زلزلے کے تازہ ترین جھٹکوں میں میرپور آزادکشمیر میں 92 افراد زخمی ہوگئے ہیں جنہیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
زلزلہ کوہ پیما مرکز کے مطابق بارہ بجے جہلم، دینہ، سوہاوہ، پنڈدادنخان اور گردو نواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ آزاد کشمیر میں میرپور کے علاقے ساہنگ ککری اور ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
کوہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 اور گہرائی 12 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز جہلم سے 6 کلو میٹر دور شمال میں تھا۔ جب کہ زلزلے کے بعد خوف و ہراس کے باعث لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔
میرپورآزاد کشمیر میں آج آفٹر شاکس کے نتیجے میں زخمیوں کی تعداد 92 ہوگئی ہے، زلزلے کے تازہ جھٹکوں سے متعدد عمارتیں متاثر ہوئی جب کہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہناہےکہ زلزلے کے باعث متعدد زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن کا تعلق تھوتھال، تانگی اور جاتلاں سے ہے۔ ڈی پی او میرپور عرفان سلیم کا کہنا ہے کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران ضلع بھر کے تمام علاقوں میں بھیج دیئے گئے ہیں، اب تک اسپتال لائے گئے زیادہ تر مریض خوف کا شکار ہیں ۔
گزشتہ روز بھی آزاد کشمیر اور پاکستان کے مختلف شہروں میں 3.2 شدت کے آفٹر شاکس محسوس کئے گئے تھے۔
دوسری جانب ‘زلزلے کے آفٹرشاکس کے بعد صورتحال کے نتیجے میں’ میرپور انتظامیہ نے 27 اور 28 ستمبر کو ضلع میں اسکول بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی جانی و مالی نقصان کی تفصیلات جاری کردی ہیں، جس کے مطابق زلزلے میں 39 افراد جاں بحق جب کہ 646 زخمی ہوئے۔ میر پور میں 32، بھمبر میں 5 اور جہلم میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ میرپور میں 625 افراد، بھمبر میں 14 جب کہ جہلم میں 7 افراد زخمی ہوئے، زلزلے سے کل 454 گھر تباہ ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ خاندانوں میں فی کس 21 کلو راشن، پانی کی 50 ہزار بوتلیں اور 200 ٹینٹ بھی تقسیم کیے گئے۔ جاتلاں سے منگلا جانے والی شاہراہ کی بحالی کا کام شروع ہوگیا ہے اور تباہ حال سڑک تین کلومیٹر تک جزوی طور پر بحال کر دیا ہے۔
9 ڈاکٹروں پر مشتمل پمز کی ٹیم میرپور بھیجوا دی گئی ہے، این ڈی ایم اے کی 3 فیلڈ ٹیمیں بحالی کے کاموں میں مصروف عمل ہیں، وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے تاہم میرپور اور کوٹلی میں بجلی بحال کردی گئی ہے جب کہ بھاری مشینری کے ذریعے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے کام جاری ہیں۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے زلزلہ متاثرین کے لیے ادویات اور سرجیکل سامان فراہم کردیا ہے جسے انہوں نے میرپور آزاد کشمیر بھیجنے کی ہدایت کر دی۔ ظفرمرزا کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم دکھ کی گھڑی میں میر پور آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزارت صحت کے ادارے خدمت کےلیےمکمل تیار ہیں، 30لاکھ سے زائد ادویات اور سرجیکل سامان روانہ کررہے ہیں
واضح رہے کہ 24 ستمبر کو پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے علاوہ بھارت کے مختلف علاقوں میں زلزلہ آیا تھا تاہم سب سے زیادہ نقصان آزاد کشمیر میں ہوا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button