جہلماہم خبریں

کنٹونمنٹ بورڈز جہلم الیکشن کی گہما گہمی عروج پر، امیدواروں کے سیاسی ڈیروں پر تقریبات اور کارنر میٹنگز جاری

جہلم: شہرکے کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن کی گہما گہمی عروج پرپہنچ گئی، کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی امیدواروں کے سیاسی ڈیروں پر تقریبات اور کارنر میٹنگز جاری، کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کی تاریخ قریب آنے کی وجہ سے کنٹونمنٹ بورڈ ز کے علاقوں میں میلے کا سماں، 6 امیدوارکنٹونمنٹ بورڈ جہلم کے 2 وارڈز میں 12 تاریخ کو اپنی قسمت آزمائیں گے۔

کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات، سیاسی جماعتوں کے قائدین کی سرپرستی میں عروج پکڑنے لگے، کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقے، گلی، محلے سیاسی بینرز اور جھنڈوں سے سج گئے۔ 2 وارڈز میں سیاسی جماعتوں کے 6 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ امیدوار ووٹرز کو مسائل کے حل کی یقین دہانیاں کرانے میں مصروف ہیں۔

کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں 03 پولنگ سٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔ 3 ہزار7 سو 48 ووٹرز 2 وارڈز کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ کنٹونمنٹ بورڈ کی بڑی سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے ، پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہاہے۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری کے چیف کواڈینٹر فرازحسین چوہدری ایک بڑی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کارنر میٹنگ میں پہنچے جو جلسہ کی صورت اختیار کر گئی۔

اس موقع پر فراز حسین چوہدری نے ووٹرز کو یقین دلایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کنٹونمنٹ بورڈ کے مکینوں کے مسائل حل کرنے سنجیدگی سے غور کر رہی ہے ، 12 ستمبر کے فوراً بعد کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا جائے گا۔

جلسہ گاہ میں سینکڑوں افراد موجود تھے ، جبکہ مقررین میں ممبرز صوبائی اسمبلی چوہدری ظفر اقبال، سابق تحصیل ناظم چوہدری غلام احمد زمرد، سابق ممبر ضلع کونسل راجہ امیر حمزہ جنجوعہ، معروف سیاسی و سماجی شخصیت حاجی عمران اسلم مغل، سابق نائب تحصیل ناظم شیخ محمد قیوم، سابق نائب ناظم ملک محمد نسیم، چوہدری منظور، چوہدری رضوان منور، چوہدری تصور باگڑی، ڈاکٹر فضل الحق فضلی بھی موجود تھے جبکہ اس موقع پر شیخ برادری، مسیح برادری، تاجر برادری سمیت شہریوں نے جلسے میں شرکت کی۔

اس موقع پر شیخ برداری ، مسیحی برادری اور تاجروں نے مکمل طور پر پی ٹی آئی کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے 12 ستمبر کو ہونیوالے الیکشن کے لئے پاکستان تحریک انصاف، پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے امیدوار قسمت آزمائی کریں گے، ووٹرز بھی امیدواروں سے درپیش مسائل کے حل کے لئے پرامید ہیں ، کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے لئے امیدواروں کی جانب سے مختلف علاقوں میں مہم سمیت پارٹی کیمپ دفتر بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں انتخابی گہما گہمی پورے عروج پر ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button