جہلم

جہلم پولیس 24 گھنٹے عوام کی خدمت کیلئے ہمہ وقت حاضر ہے۔ ڈی ایس پی سٹی فیصل سلیم

جہلم: ڈی ایس پی سٹی فیصل سلیم نے پروفیسر کالونی مسجد قباء میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل سنے اورانکے فوری حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کیے۔

ڈی ایس پی سٹی فیصل سلیم نے کہا کہ ڈی پی اوجہلم سید تنویر مصطفی کے ویژن کے مطابق شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر سنے جا رہے ہیں اور شہریوں کو فوری انصاف فراہم کیا جارہاہے ۔

ڈی ایس پی سٹی فیصل سلیم نے کہا کہ جہلم پولیس 24 گھنٹے عوام کی خدمت کیلئے ہمہ وقت حاضر ہے۔ عوام الناس اپنے مسائل کے حل کے لئے ہمارے دفاتر میں بلا جھجھک آسکتے ہیں ہمارے دروازے سائلین کے کھلے ہیں شہریوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت پنجاب نے تمام تھانوں میں فرنٹ ڈیسک کا قیام عمل میں لایاجا چکا ہے ۔لہذا عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے کسی بھی تھانیدار یا محرر سے ملنے کی بجائے فرنٹ ڈیسک پر رجوع کریں۔

انہوں نے کہا کہ جہلم پولیس ہر قسم کی معاشرتی برائیوں سمیت منشیات کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہے ۔ کسی بھی جگہ منشیات فروشی / معاشرتی برائی کی اطلاع آپ ہمیں فون کال یا SMS کے ذریعہ دیں۔ اگر پولیس کے اہلکارشہریوں کے ساتھ بداخلاقی سے پیش آئیں یا کوئی اہلکاررشوت طلب کرے تو اس کی اطلاع دیں۔تھانہ کلچر میں تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے۔پولیس کو کسی سے بد تمیزی کرنے اور رشوت لینے کا کوئی حق حاصل نہیں۔

ڈی ایس پی سٹی فیصل سلیم نے پروفیسر کالونی کے مسجد قباء میں نماز جمعہ کے بعد کھلی کچہری لگائی اور مقامی افراد کے مسائل سنے اور انکے ساتھ گھل مل گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ اب جاری رہے گا، اور ہر جمعتہ المبارک کے موقع پر شہر اور ملحقہ علاقوں کی آبادیوں میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔جس کا مقصد شہریوں کو انکی دہلیز پر انصاف مہیاکرنا اور جرائم کا خاتمہ کرنا ہے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button