پنڈدادنخان

واٹرسپلائی کے مین پائپ لائن سے متعدد بااثر افراد کو کنکشن جاری، کھیوڑہ شہر میں پانی نایاب ہو گیا

پنڈدادنخان: انتظامیہ کی بے حسی اور لاپرواہی کی وجہ سے پنڈدادنخان بیلہ واٹر مین لائن میں لاتعداد پانی کے کنکشنوں کے باعث کھیوڑہ کے عوام پینے کے صاف پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، کئی کئی ہفتے بعد پسندیدہ وارڈوں کو پانی دیا جاتا ہے کھیوڑہ شہر میں پانی نایاب ہوگیا ، کمشنر روالپنڈی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق پنڈدادنخان دریائے جہلم بیلہ سے آنے والی مین واٹر پائپ لائن سے متعدد پانی کے کنکشن بااثرافراد کو دیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے کھیوڑہ کے عوام کو ضرورت کے پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ا نتظامیہ کی بے حسی و لاپرواہی اورمبینہ ملی بھگت کے باعث 60 ہزار سے زائد کے آبادی والے شہر کھیوڑہ میں پانی نایاب ہو چکا ہے۔

شہریوں کاگزر بسر آئی سی آئی سوڈا ایش اور پی ایم ڈی سی کی جانب سے پانی کے کنکشنوں پر ہورہا ہے، آئی سی آئی سوڈا ایش نے شہر بھر میں درجنوں پینے کے صاف پانی کے کنکشن دے رکھے ہیں جبکہ پی ایم ڈی سی نے بھی مین سڑک آفیسر کالونی کے ساتھ واٹر فلٹریشن پلانٹ کھیوڑہ کے شہریوں کے لیے لگا رکھا ہے جہاں پر چوبیس گھنٹے عوام کا رش لگا رہتا ہے لیکن انتظامیہ پانی کے سنگین مسئلہ پرلمبی تان کر سو رہی ہے، مین لائن سے متعدد کنکشن اپنے حواریوں کو خوش کرنے کے لیے دیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے پانی مخصوص لوگوں تک ہی پہنچ پاتا ہے۔

عوامی سماجی حلقوں نےکہا کہ کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر جہلم جہانزیب فوری طور پر نوٹس لیں اور غیر قانونی کنکشنز کو مین لائن سے ختم کروائیں تاکہ پورے شہر میں پانی کی منصفانہ تقسیم ہو سکے ۔شہریوں کا کہنا ہے کے فوری انکوائری کروائی جائی جس سے مزید انکشافات سامنے آئیں گے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button