پنڈدادنخان

زندگی کا اصل مقصد انسانیت کی خدمت ہے۔ سعید اختر مغل

پنڈدادنخان: زندگی کا اصل مقصد انسانیت کی خدمت ہے ایسا کام کر جائیں کہ لوگ مرنے کے بعد بھی آپ کو ہمیشہ اچھے الفاظ سے یاد رکھیں۔ اللہ تعالیٰ کا فر مان ہے کہ میں حقوق اللہ معاف کر دوں گا مگر حقوق العباد نہیں۔

ان خیالات کا اظہار تحصیل پنڈدادنخان کی معروف فلاحی و سماجی تنظیم رورل ایریا ڈویلپمنٹ کونسل الارشاد پنن وال کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کے موقع پر جنرل سیکرٹری سعید مغل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

تنظیم رورل ایریا ڈویلپمنٹ کونسل الارشاد کا خصوصی اجلاس ڈاکٹر عبدالوحید مغل کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا ۔اس موقع پر سعید اختر مغل، ڈاکٹر محمد جاوید ، ملک مظہر سیکرٹری ، چودھری طارق کھنڈوعہ، سیٹھ قاسم رضا ، راجہ مونس حیات ، خان تنویر خان ، سہیل احمد سمیت بانی ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کااغاز تلاوت قرآن پاک سے کیاگیا جبکہ حضور سرور کائنات کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت بھی پیش کیا گیا۔

اجلاس میں بانی رورل ایریا ڈویلپمنٹ کونسل الارشاد ڈاکٹر عبدالوحید مغل کی جانب سے مستحق ضرورت مند سفید پوش طبقہ کے لئے ایک لاکھ پچاس ہزار روپے کی اشیاء ضروریہ کے پیکج کا اعلان کیا گیا جو انشاء اللہ مستحق افراد میں تقسیم کر دیا جائے گا۔

اس موقع پر جنرل سیکرٹری رورل ایریا ڈویلپمنٹ کونسل الارشاد سعید اختر مغل نے کہا کہ حقوق اللہ وہ حقوق ہیں جو مالک کائنات کے اپنے بندوں پر ہیں جبکہ حقوق العباد وہ حقوق ہیں جو بندوں کے بندوں کے ساتھ وابستہ ہیں اس لئے ہمیں اپنے ارد گرد موجود مستحق لاوارث سفید پوش افراد پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی تاکہ عید الفطر کے موقع پر ہمارے ساتھ مستحق لوگ بھی عید کی خوشیاں منائیں اور یہ سب اسی صورت میں ممکن ہوسکتا ہے جب ہم ارد گرد موجود لوگوں کو خوشیوں میں شامل کریں اور یہی اصل زندگی ہے کہ ہم دوسروں کی ضرورتوں اور خواہشات کا احترام کریں۔

اس موقع پر تنظیم کے بانی رہنما ڈاکٹر عبدالوحید مغل نے بذریعہ ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی طرف سے تنظیم کے تمام معزز اراکین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ پاک ہم سب کو پسے ہوئے طبقات کی خدمت کرنے کا مواقع فراہم کرتا رہے اور ہم آپس میں اتفاق پیار محبت خلوص اور بھائی چارہ قائم رکھیں۔

اس موقع پر چوہدری طارق محمود کھنڈوعہ نے تنظیم کے تمام ممبران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی بے لوث خدمت کے لیے ہمیں اور مخیر حضرات کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔ اور انشاء اللہ جب تک زندگی ہے اس مشن کو جاری رکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button