میونسپل کمیٹی جہلم کی حدود میں کئی روز سے پانی بند، علاقہ کربلا کی منظر کشی کرنے لگا

0

جہلم: میونسپل کمیٹی کی حدود میں پچھلے کئی روز سے پانی بند ، میونسپل کمیٹی کے متعلقہ شعبہ کی چشم پوشی ، علاقہ کربلا کی منظر کشی کرنے لگا، خواتین بچوں سمیت پانی کی تلاش میں دربدر، علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کے شعبہ پبلک ہیلتھ کے افسران و اہلکاروں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے بلا ل ٹاؤن ، گلشن ٹاؤن، پروفیسر کالونی ، گلزاری کالونی، آفیسر کالونی ، سمیت دیگر آبادیوں میں پچھلے کئی روز سے پانی بند ہے ، جس کیوجہ سے علاقہ مکین پانی کی عدم فراہمی کیوجہ سے پانی کی تلاش میں دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

علاقہ مکینوں نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ آئے روز مذکورہ علاقے میں پانی کی سپلائی نامعلوم وجوہات کی بناء پر بند کر دی جاتی ہے جبکہ ماہانہ بل مقررہ تاریخوں پر بجھوائے جاتے ہیں بل کی عدم ادائیگی کی صورت میں کنکشن منقطع کرنے کی دھمکیوں سمیت کمیٹی کے اہلکار غنڈہ گردی کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ متعدد مرتبہ میونسپل کمیٹی میں تحریری و زبانی طور پر آگاہ کر چکے ہیں لیکن میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ، علاقہ مکینوں نے کہا کہ اگر 13 مارچ تک پانی کی سپلائی بحال نہ کی گئی تو سینکڑوں متاثرین ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر احتجاج کریں گے، کسی بھی قسم کے نقصان کی صورت میں تمام تر ذمہ داری میونسپل کمیٹی کے شعبہ پبلک ہیلتھ کے ذمہ داران پرعائد ہوگی ۔

موقف جاننے کے لئے میونسپل کمیٹی کے سب انجینئر عثمان سے رابطہ کرنے کے لئے موبائل فون نمبر 03330518036 پر کوشش کی گئی لیکن انہوں نے فون اٹینڈ نہ کیا اگر وہ اپنا موقف دینا چاہیں تو ان کا موقف بھی من و عن شائع کیا جائیگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.