Daily updated News, Photo & Vidoes website of Jhelum, Pakistan

سوہاوہ میں سالانہ میلہ سرجلال خان کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ہو گیا

0

سوہاوہ: سالانہ میلہ سرجلال خان کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر،محفل مشاعرہ وشعرخوانی سمیت روایتی کھیلوں والی بال، بیل دوڑ اور طمانچے دارکبڈی کا انعقاد کیا گیا، مختلف سیاسی وسماجی شخصیات نے بطورمہمانان خصوصی شرکت کرکے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

علاقہ بھر سے ہزاروں شائقین ان تقریبات سے محظو ظ ہوئے، میلے میںدورونزدیک سے آنے والے ہزاروں شرکاء کے لئے مختلف اشیائے خورونوش کے علاوہ بچوں کی دلچسپی کے لئے جھولے اور دیدہ زیب کھلونوں کے سٹالز بھی لگائے گئے تھے،پر امن انداز میں میلے کی تقریبات منعقد کرانے پر سرجلال خان انتظامیہ کمیٹی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سوہاوہ کے نواحی علاقے سرجلال خان کے مقام پر معروف روحانی شخصیت بابا شاہ جہان محمد چشتی ؒ کے سالانہ عرس مبارک کے سلسلہ میں ہر سال اپنے روایتی انداز میں ثقافتی میلے کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس سال بھی سرجلال خان کمیٹی کے زیر اہتمام اس میلے کی تین روزہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ بھر کے ہزاروں لوگوں نے جوش وخروش سے شرکت کرکے لطف اٹھایا۔

محفل مشاعرہ وشعرخوانی سمیت روایتی کھیلوں والی بال، بیل دوڑ اورطمانچے دار کبڈی کا شاندار مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ مزار پاک کو غسل دئیے جانے کی تقریب سے عرس کا آغاز کیا گیا جس کے بعد محفل حمدونعت اور علماء کرام کے خطابات پیش کیے گئے۔

بعد ازاں علاقہ کے معروف شاعر نثار نصرت کیانی کی زیر صدارت محفل مشاعرہ وشعر خوانی منعقد کی گئی جس میں خطہ پوٹھوہار کے نامور شعرا ء نے اپنے اپنے کلام پیش کرکے اور شعر خوان حضرات نے اپنے مخصوص انداز میں گھڑے اور ستار کی لے پر خوش الحانی کا مظاہرہ کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔

روایتی کھیلوں کے مقابلوں میں سب سے پہلے فلڈ لائیٹس میں کھیلا گیا سپر فور والی بال ٹورنامنٹ شائقین کی توجہ کا مرکز بنا رہا جس میں گجرات کی ٹیم نے جہلم کی ٹیم کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیکر یہ ٹورنامنٹ جیت لیا۔ میچ کے مہمانان خصوصی سماجی شخصیت چیئرمین اختر ویلفیئر انٹرنیشنل راجہ شیراز احمدکیانی ،سیاسی وسماجی شخصیت راجہ تنویر پنوار، سابق ڈائریکٹر سپورٹس راولپنڈی بورڈ راجہ تسلیم احمد کیانی، جنرل کونسلر چوہدری محمد ساجد ودیگر نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ تمام میچوں میں وقار احمد نے دلچسپ انداز میں کمنٹری کرکے شائقین کو لطف اندوز کیا ۔

دوسرے دن کی تقریبات میں موسم کی خرابی کے باوجود خطہ پوٹھوہار اورآزاد کشمیر کے مقبول ترین کھیل بیل دوڑ کا انعقاد کیا گیا ۔دور ونزدیک سے لائی گئی 90 سے زائد بیلو ں کی جوڑیوں نے مقابلے میں حصہ لیا۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بیلوں کی جوڑیوں کے مالکان کو مہمان خصوصی چیئرمین یونین کونسل لہڑی راجہ احمد حسین شوکت نے انعامات تقسیم کئے ۔ آواز پوٹھوہار راجہ تسلیم احمد کیانی نے اپنے مخصوص انداز میں میچوں پر تبصرہ کرتے ہوئے شائقین کے لطف کو دوبالا کیا۔

میلے کے آخری روز نہ صرف خطہ پوٹھوہار اور پنجاب کا مقبول ترین کھیل کبڈی جو کہ اب عالمی سطح پر بھی شائقین کی دلچسپی کا مرکز بن چکا ہے کا دلچسپ میچ منعقد کیا گیا ۔ طمانچوں کی برسات میں کھیلے گئے اس دلچسپ میچ میں واپڈا کی ٹیم نے پنجاب کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 18کے مقابلے میں 20پوائنٹس سے شکست دیکرکامیابی حاصل کی۔ میچ کے مہمانان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی راجہ اویس خالد، سابق ممبرصوبائی اسمبلی چوہدری ندیم خادم، چیئرمین ضلع کونسل جہلم راجہ قاسم علی خان،ڈی ایس پی سوہاوہ راجہ جاوید سلطان ودیگر نے دونوں ٹیموں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے ، بہترین کھیل پیش کرنے والے جاپھی اور ساہی کو بھی ٹرافیوں اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔

آواز پوٹھوہار راجہ تسلیم احمد کیانی جو کہ کبڈی کے میچوں کی اناؤنسمنٹ کرنے میں خاصی شہرت رکھتے ہیں نے اپنے مخصوص انداز میں ہزاروں شائقین کو محظوظ کیا۔ پر امن انداز میں میلے کا انعقاد کرانے پر اہالی علاقہ کی جانب سے سرجلال خان انتظامیہ کمیٹی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.