ضلع جہلم میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، جگہ جگہ سبز ہلالی پرچموں کی بہار

0

جہلم: ضلع جہلم و گردونواح میں جشن آزادی کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئیں ، سرکاری اداروں کے سربراہان کو یوم جشن آزادی کے موقع پر 14 اگست کے حوالے سے تقریب منعقد کرنے کے تحریری احکامات موصول ،شہر بھر میں جگہ جگہ سبز ہلالی پرچموں کی بہاراور آزادی کے متوالوں کا جوش و جذبہ آسمان کو چھونے لگا،بچے ،جوان، بوڑھوں کو 14 اگست کا شدت سے انتظار ، یوم آزادی کو جذبہ حب الوطنی سے منانے کی تیاریاں،شہر بھر میں لگے سٹالز پر سبز ہلالی پرچم،بیجزاور نئے ڈیزائن کے مختلف آرائشی سامان خریدنے کے لیے شہریوں کی جوک در جوک سٹالوں پر آمد۔

گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال یوم آزادی کی تیاریاں زیادہ زور و شور سے جاری ۔پچھلے برس کے مقابلے میں قومی پرچم سمیت دیگر آرائشی چیزوں کی قیمتیں 50 فیصد اضافے کے ساتھ فروخت کی جارہی ہیں اس کے باوجود شہریوں کے جوش و خروش اور خریداری میں کوئی کمی دیکھنے میں نظر نہیں آ رہی۔

بچے خصوصی طور پر ہر قومی پرچم اور جھنڈیوں کے علاوہ ہر وہ چیز خریدتے نظر آ رہے ہیں جن سے وہ اپنے گھروں کو سجا کر یوم آزادی کی خوشیاں دوبالا کر سکیں۔ساتھ ہی ساتھ نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے بھی بازاروں کا رخ کر لیا ہے اور یوم آزادی کی مناسبت سے سبز اور سفید پہناوے خریدنے کی تیاریاں بھی عروج پر ہیں۔

اس کے علاوہ شہر بھر کی اہم عمارتوں کو برقی قمقموں اور دیگر آرائشی اشیاء سے دلہن کی طرح سجایا جارہا ہے۔نوجوان اپنی موٹرسائیکلوں کو خوبصورت انداز میں سجا رہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ وہ 14 اگست والے دن مختلف موٹر سائیکل ریلیاں نکالیں گے اور 71 واں جشن آزادی پہلے سے زیادہ جوش و خروش سے منائیں گے۔

Advertisement

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.