Daily updated News, Photo & Vidoes website of Jhelum, Pakistan

راجہ فاروق حیدر کی سوہاوہ آمد، سید شوکت شاہ کے والدین کے ایصال ثواب کی تقریب میں شرکت

وہ انسان بہت خوش قسمت ہوتا ہے جس کی اولاد اس کے مرنے کے بعد بھی اسے یاد رکھتی ہے۔ راجہ فاروق حیدر

0

سوہاوہ: وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی سوہاوہ آمد، وزیرخوراک سید شوکت علی شاہ کے والدین کے ایصال ثواب کی تقریب میں خصوصی شرکت، سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر، وزیر تعمیرات چوہدری محمد عزیزسمیت ممبران اسمبلی آزادکشمیر ، مقامی سیاسی وسماجی شخصیات، عزیزواقارب اور اہالی علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تلاوت قرآن مجید ، حمدونعت کے علاوہ علمائے کرام نے اپنے خطابات سے حاضرین کے قلوب واذہان کو منور کیا ۔ مہمانان خصوصی نے اپنے خطابات میں سید شوکت علی شاہ کے خاندان کی کشمیر کے مسلمانوں کے لئے دینی ، سیاسی وسماجی خدمات کو سراہتے ہوئے زبردست خراج تحسین پیش کیا،سید شوکت علی شاہ نے اپنے تمام خاندان والوں کی جانب سے تقریب میں شرکت پرمہمانوں کا شکریہ ادا کیا،تقریب کے اختتامی لمحات میں تمام عالم اسلام کی سربلندی، پاکستان کی بقا وسلامتی اورمقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی بھارتی تسلط سے آزادی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے وزیر خوراک آزادکشمیر سید شوکت علی شاہ کی خصوصی دعوت پر انکے والدین کے ایصال ثواب کے لئے منعقدہ روحانی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر شاہ غلام قادر،وزیرتعمیرات چوہدری محمد عزیز، ممبرقانون ساز اسمبلی چوہدری محمد اسماعیل، کرنل ر عبدالغنی نور، سابق ممبر اسمبلی ایس ایم شاہ، سابق مشیر صدر آزاد کشمیر سید غلام محمد شاہ، صاحبزادہ محمد سلیم چشتی، سید خلیل حسین شاہ صدر مسلم کانفرنس ضلع جہلم، سمیت مقامی سیاسی وسماجی شخصیات راجہ محمد آصف سابق چیئرمین وموجودہ جنرل کونسلر میونسپل کمیٹی سوہاوہ، جنرل کونسلر چوہدری ابرار حسین ، جنرل کونسلر سید ذوالفقار شاہ ایڈووکیٹ، عزیز واقارب اور اہالی علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ وہ انسان بہت خوش قسمت ہوتا ہے جس کی اولاد اس کے مرنے کے بعد بھی اسے یاد رکھتی ہے اور انکی بخشش و مغفرت کے لئے ایصال ثواب کی محافل اور صدقہ جاریہ کے کاموں کا اہتمام کرتی ہے۔ آج کی یہ روحانی محفل بھی اس بات کا بین ثبوت ہے کہ سید شوکت علی شاہ نے اپنے بزرگوں کو یاد رکھا ہوا ہے اور ہم بھی اس چشمہ فیض سے سیراب ہونے کے لئے اس محفل میں شرکت کی سعادت حاصل کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سید شوکت علی شاہ کے گھرانے کی دینی، سیاسی وسماجی خدمات بے پایاں ہیں اور ہردور میں کشمیر کے لوگ چاہے وہ آزاد خطے سے تعلق رکھتے ہوں یا مقبوضہ علاقے سے یکساں طور پر فیضیاب ہوتے رہے ہیں اور آنے والی نسلوں تک ہوتے رہیں گے۔

سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادرنے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس گھرانے کی دعاؤں کے صدقے میں اللہ کریم نے ہمیشہ مجھے کامیابیوں سے سرفراز کیا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس گھرانے کے صدقے میں اللہ کرے مقبوضہ کشمیر میں بھی جلد آزادی کا سورج طلوع ہو اور وہاں کے مسلمان بھارتی جبرواستبدادسے چھٹکارہ حاصل کریں۔

انہوں نے بارگاہ ایزدی میں دعا کی کہ اللہ کرے جلد ہی پورے کشمیر میں اسلامی نظام کا نفاذ ہوجائے۔

سید شوکت علی شاہ نے تقریب میں شرکت پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتامی لمحات میں سید شوکت علی شاہ کے والدین کی مغفرت وبلندی درجات سمیت تمام عالم اسلام کی سربلندی، پاکستان کی بقا وسلامتی اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی بھارتی تسلط سے آزادی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.