قائداعظم ایک کامیاب وکیل ، سیاست داں، بااثر سماجی رہنما اور باشعور سربراہِ ملک و ملت تھے۔ جہانگیر محمود مرزا

0

پنڈدادنخان: بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 70واں یوم وفات عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کی کوششوں سے پاکستان معرض وجود آیا۔ قائد اعظم قیامِ پاکستان کے بعد 11 ستمبر 1948 کو اپنی وفات تک ملک کے پہلے گورنر جنرل رہے ۔11ستمبر کا دن ایک ایسے عظیم قائد کی یاد دلاتا ہے کہ جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک نصب العین دیا۔ قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے 70 ویں یوم وفات کے موقع پر مختلف تقریبات میں بانی پاکستان کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے ۔

اس حوالے سے جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جہلم جہانگیر محمود مرزانے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر بڑے آدمی کی طرح قائداعظم محمد علی جناح کی شخصیت کے بھی متعدد پہلو تھے ، وہ ایک کام یاب وکیل تھے ، ایک بڑے سیاست داں، ایک بااثر سماجی راہ نما اور ایک نہایت باشعور سربراہِ ملک و ملت بھی۔یہی نہیں، اس کے علاوہ اور بھی بہت کچھ۔ مثال کے طور پر حقوقِ آدمیت اور انسانی آزادی و خودمختاری کے سچے علم بردار تھے ، جمہوری اقدار اور اصولِ مساوات کے ان تھک مبلغ و داعی بھی۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی شخصیت کے یہ سارے پہلو آپس میں اس طرح پیوست اور ہم آہنگ تھے کہ ایک وحدت میں ڈھل گئے ۔یہی وحدت وہ شے تھی کہ جس نے انھیں ایک بلند قامت شخصیت کے طور پر ابھارا تھا۔

جہانگیر محمود مرزا کا کہناتھا کہ بیس ویں صدی میں برِصغیر پاک و ہند کے سماجی و سیاسی منظرنامے پر جو بلندپایہ شخصیات نمایاں ہوئیں اْن میں محمد علی جناحؒ ممتاز ترین حیثیت کے حامل نظر آتے ہیں۔دیانت داری، جرآت مندی، عزمِ صمیم، خلوص اور انسان دوستی محمد علی جناح کے کردار کے وہ بنیادی حوالے تھے جن سے اْن کی شخصیت کی تعمیر ہوئی تھی۔ قدرت نے انھیں ذہنوں کو متاثر کرنے اور دلوں میں گھر بنانے کی ایسی غیرمعمولی صلاحیت دی تھی کہ جس کی مثال کم کم ہی دیکھنے میں آتی ہے ۔اس کا اندازہ مسلمانانِ ہند کی جدوجہدِ آزادی کی تاریخ میں درج واقعات سے بہ آسانی کیا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج پھر اُمتِ مسلم کو ایک ایسے ہی نڈر ،دلیر اور باشعور لیڈر کی ضرورت ہے انہوں نے دعا کی کہ ربِ کریم ملکِ پاکستان کو تاقیامت قائم دائم رکھے اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.