دینہ میں ڈاکوؤں کا 4گھروں پر دھاوا۔ طلائی زیورات، نقدی اور دیگر اشیاء لوٹ کر فرار

0

دینہ: نواحی علاقہ میں ڈاکو ؤں کا 4گھروں پر دھاوا ،15مسلح نقاب پوش ڈاکو ؤں نے اہلخانہ کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا کر لاکھوں روپے مالیت کے 46تولے طلائی زیورات ،لاکھوں کی نقدی ،موبائل فون ،قیمتی کپڑے اور دیگر اشیاء لوٹ لیں ،مزاحمت پر خاتون سمیت 2افراد شدید زخمی ،ڈاکو 4گھروں میں 6گھنٹے کی لوٹ مار کے بعد آسانی سے فرار ،علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ،پولیس نے پہنچ کر رپورٹ درج کر لی اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات 9بجے کے قریب دینہ کے نواحی علاقہ خانہ بوکی میں 15سے 16نقاب پوش مسلح ڈاکوؤں نے 4گھروں پر دھاوا بول دیا جس سے عامر خان ولد ضمیر خان کے اہلخانہ کو اسلحہ کی نوک پر یر غمال بنا کر لاکھوں روپے مالیت کا 9تولے طلائی زیورات ،50ہزار نقدی ،قیمتی کپڑے اور دیگر اشیاء لوٹ لیں جبکہ مزاحمت کرنے پر عامر خان اور اس کی والدہ کو شدید زخمی کر دیا ۔

دوسری واردات میں ڈاکو ؤں نے محفوظ خان ولد رحمت خان کے بیٹے اعجاز خان کو کھیتوں سے پکڑ لیا اوراسے لوٹنے کے بعد اسے اس کے گھر لے گئے اور دروازہ کھلوا کر گھر کے اندر داخل ہو گئے اور اہل خانہ کو یر غمال بنا کر لوٹ مار شروع کر دی اور گھر میں پڑے لاکھوں روپے مالیت کے 25تولے طلائی زیورات ،4لاکھ نقدی،5عدد قیمتی موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ لیں۔

تیسری واردات میں ڈاکو تصور ولد اللہ دتہ کے گھر داخل ہو گئے اور اہل خانہ کو جان سے مار دینے کی دھمکی دیتے ہوئے یرغمال بنا لیا اور گھر میں پڑے لاکھوں روپے مالیت کے 6تولے طلائی زیورات ،60ہزار نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ لیں۔

اس کے بعد ڈاکو تصور کے بھائی شبیر حسین ولد اللہ دتہ کے گھر داخل ہو گئے اور لاکھوں روپے مالیت کے 7تولے طلائی زیورات ،ڈیڑھ لاکھ نقدی ،موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ لیں،ڈاکو بڑی دیدہ دلیری کے ساتھ رات 9بجے سے لے کر صبح 3بجے تک لوٹ مار کرتے رہے اور بعد ازاں فرار ہو گئے۔

واردات کے بعد علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ،اطلاع ملنے پر پولیس تھانہ منگلا نے پہنچ کر رپورٹ درج کر لی اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ۔

Advertisement

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.