Daily updated News, Photo & Vidoes website of Jhelum, Pakistan

موبائل کمپنیوں کا گورکھ دھندا، کٹوتیاں ختم، پیکجز کی قیمت میں دوگنا اضافہ

0

جہلم: موبائل کمپنیوں کا گورکھ دھندا کٹوتیاں ختم، پیکجز کی قیمت میں دوگنا اضافہ ، شہریوں کا چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر موبائل فونز کمپنیوں کی طرف سے موبائل ری چارج کارڈز پرٹیکس کٹوتی تو ختم کر دی گئی ہے ، اب صارف کو ری چارج پر پورا بیلنس مہیا کیا جارہاہے، تاہم موبائل فونز کمپنیوں نے کالزپیکجز کی قیمتیں دوگنی کر دی ہیں۔

شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کٹوتی ختم ہونے کا انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوا، موبائل پیکجز کی قیمتیں بڑھا کر اپنی کسر پوری کی جارہی ہے ، ٹیکس کٹوتی معطل ہونے سے روزانہ کی بنیاد پر کیا جانے والا جاز پیکج جو 10 روپے میں ہو رہا تھا اس کی قیمت 17 روپے 93 پیسے کر دی گئی ہے ، جاز بجٹ پیکج کی قیمت پہلے 220 روپے تھی جو اب300 روپے کر دی گئی ہے ، وارد کی طرف سے ڈیلی سپر آفر پہلے 7 روپے میں تھا اب اس کی قیمت 14 روپے کر دی گئی ہے ، ویکلی سپر آفر کی قیمت پہلے 150 روپے تھی جو اب 170 روپے کر دی گئی ہے۔

ماہانہ سپر آفر پہلے 300 روپے تھی اب اس کی قیمت 500 روپے وصول کئے جارہے ہیں وارد اور جاز کی طرف سے واٹس ایپ بنڈل کی قیمت بھی 20 روپے بڑھا دی گئی ہے ، اس سے قبل ماہانہ بنڈل 40 روپے میں کیا جاتا تھا جس کی قیمت اب 60 روپے کر دی گئی ہے ، ٹیلی نار نے ہفتہ وار چھپڑ پھاڑ آفر کی قیمت پہلے 30 روپے تھی جو اب 50 روپے کر دی گئی ہے ، گڈ ٹائم آفر کی قیمت بھی ڈبل کر دی گئی ہے ، ہفتہ وار سہولت آفر کی قیمت 75 سے95 روپے کر دی گئی ہے، زونگ سپریم پیکج کی قیمت ڈیڑھ سو اور یوفون سپر پیکج میں 170 روپے کا اضافہ کر دیاگیا ہے۔

صارفین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ موبائل کارڈ پر ٹیکس کٹوتی سپریم کورٹ کا اچھا اقدام ہے مگر موبائل کمپنیوں نے کال پیکجز کی قیمتیں بڑھا کر ظلم کیاہے، چیف جسٹس آف پاکستان دوبارہ نوٹس لیکر کالز نرخ اور پیکجز کی قیمتیں اپنی نگرانی میں مقرر کروائیں ، ٹیکس کٹوتی دوبارہ شروع ہونے کے بارے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ جب تک سپریم کورٹ آف پاکستان اس پر تفصیلی فیصلہ جاری نہیں کریگی اس وقت ٹیکس کٹوتی معطل ہی رہے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.