تحصیل پنڈدادنخان میں بارانِ رحمت کا نزول، ژالہ باری، سردی میں اضافہ

0

پنڈدادنخان/کھیوڑہ ( راجہ فیاض الحسن سے) تحصیل پنڈدادنخان میں بارانِ رحمت کا نزول، ژالہ باری، سردی میں اضافہ، موسم خوشگوار ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق پنڈدادنخان کھیوڑہ اور اس کے مضافات میں گزشتہ شب سے متواتر بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پہلے تیز ہواچلی پھر گرج اور چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ۔ اور کالے بادل امڈ کر آ گئے اور ٹوٹ کر برسے، طوفانی بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔

اولے گرنے سے سماں بندھ گیا، زمین نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔ شہریوں نے اولے باری کا خوب لطف لیا اور اس عناعت کے لئے اللہ کا شکرادا کیا۔بارش کا بہت خوش گوار اثر ہو ا۔ اس کی وجہ سے درخت دہل گئے فضا دھول اور کثافت سے پاک ہو گئی اس وقت فضا بالکل صاف ہے۔ موسم بہت خوشگوار ہو گیا ہے اور انسانوں کے علاوہ چرند، پرند غرض ہر ذی روح نے اس بے پایاں نعمت کے لیے اللہ کا شکر ادا کیا ہے۔

کھیوڑہ کے پہاڑی نالوں میں طغیانی آ گئی اور شہر کی گلیاں نہروں کا منظر پیش کرنے لگ گئیں ۔ جانوروں کے پینے کے تالاب پانی سے بھر گئے۔ شہریوں کے مزاج میں بھی خوش گوار تبدیلی آئی اور بازاروںکی رونق لوٹ آئی۔ یہ اس سال کے موسمِ سرما کی پہلی بارش ہے۔ اللہ کی رحمت کے نتیجہ میں فضا سے کثافت و آلودگی ختم ہو گئی ہے ۔

بارش کے بعد قوسِ قزح کا منظر دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا اور اس بارش کا گندم کی فصل پر اچھا اثر ہونے کا امکان ہے۔

Advertisement

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.