وزیراعظم عمران خان اگلے الیکشن نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی بہتری کے لئے کوشاں ہیں، چوہدری فرخ الطاف

0

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے ڈیم کے لئے فنڈ کی اپیل اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اگلے الیکشن نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی بہتری کے لئے کوشاں ہیں ، بھارتی آبی دہشت گردی سے پاکستان کی ذراعت کو شدید خطرات لاحق ہیں ، حالیہ آبی مذاکرات کا بے نتیجہ ختم ہونا بھارتی ہٹ دھرمی کو ظاہر کرتا ہے ، بھارت پاکستان کو ہر قیمت پر ریگستان میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بننے والی حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کیوجہ سے ملک تباہی کے دہانے پر پہنچا ہے ، تحریک انصاف کی حکومت پانی کے مسئلہ کو لیکر نئے ڈیمز کی فوری تعمیر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، جو کہ بہت ہی خوش آئند اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی کرپشن کی وجہ سے ملک کی بنیادیں کھوکھلی ہو چکی ہیں ، اور عوام ہر گزرنے والے دن کے ساتھ مسائل کی دلدل میں دھنستے چلے جارہے ہیں ، ایسے نازک حالات میں عمران خان ہی امید کی آخری کرن ہیں، اوورسیز پاکستانی اس مشکل گھڑی میں وزیر اعظم عمران خان کی کال پر لبیک کہتے ہوئے ڈیم کی تعمیر میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں تا کہ آنے والی نسلیں پانی جیسی بنیادی نعمت سے مستفید ہو سکے۔

Advertisement

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.