Daily updated News, Photo & Vidoes website of Jhelum, Pakistan

اربوں روپے عوام کے نام پر اڑانے والے پھر رنگ بدل کر لائن میں لگے ہوئے ہیں۔شعیب رسول کھوکھر

0

کھیوڑہ: جب موروثی سیاستدان کرسی کے لئے ایک ہوسکتے ہیں تو ووٹر اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لئے ایک کیوں نہیں ہو سکتے،ماضی میں جنہوں نے اربوں روپے عوام کے نام پر اڑائے وہ رنگ بدل کر پھر لائن میں لگے ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار کھیوڑہ شہر سے تعلق رکھنے والے نوجوان صحافی اور امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 27 شعیب رسول کھوکھرنے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے شہر کھیوڑہ کو پوری دنیا میں پہچانا جاتا ہے اس علاقے سے پیدا ہونے والی معدنیات سے حکومتی خزانے میں اربوں روپے جمع ہوتے ہیں ان چیزوں کے برعکس اس علاقے اور یہاں کی عوام قابل ترس حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جسکی سب سے بڑی وجہ مقامی منتخب نمائندوں کی عوامی مسائل سے عدم دلچسپی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں سے اس علاقے میں موروثی سیاست کی حکمرانی رہی ہے آج کے جدید دور میں عوام سے کوئی چیز پوشیدہ نہیں ہے اس حلقے سے حالیہ امیدواروں کی کارکردگی دیکھنا اور فیصلہ کرنا کوئی مشکل نہیں ہے، ہم نے ماضی میں ہمیشہ اپنے بھاری ووٹوں کو دوسروں کی ٹوکری میں ڈال کر کامیاب کروایا ہے جس کے نتائج ہم سب کے سامنے ہیں علاقے کی ابتر حالت کے پیش نظر میں میدان میں اس امید سے اترا ہوں کہ حلقے کی عوام کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے ہم ماضی کی محرمیوں سے سبق سیکھ چکے ہیں، انشاء اللہ عوام نے ساتھ دیا تو منتخب ہو کر ہنگامی بنیادوں پر درینہ مسائل کے حل کے لئے اقدامات کرونگا ،25جولائی کو آپ سب اپنے ووٹ کی طاقت کا استعمال کریں اور آزاد حیثیت سے میرے انتخابی نشان (اخبار) پر مہر لگا کر نسل در نسل سیاسی پنڈتوں کی چھٹی کروائیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.