حلقہ پی پی 27کے ضمنی الیکشن میں راجہ شاہنواز بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ چوہدری فراز حسین

0

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے راہنماء وفاقی وزیر اطلاعات نشریات فواد چوہدری کے بھائی و کوآرڈینیٹر چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے اور انشاء اللہ ہم عوامی اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے،حلقہ پی پی 27کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار راجہ شاہ نواز بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ فراز چوہدری نے کہاہم عوامی مسائل سے غافل نہیں علاقہ بائی دیس میں بجلی کے کم وولٹیج کا مسئلہ عرصہ دراز سے چلا آرہا تھا فواد چوہدری نے سیکرٹری پانی و بجلی سے میٹنگ کی جس کے بعد وولٹیج کا مسئلہ حل ہو گیا ہے اسکے علاوہ ضلع بھر میں جہاں جہاں ٹرانسفارمرز اور بجلی کے دیگر مسائل ہیں ترجیح بنیادوں پر حل کروائے جا رہے ہیں بجلی ترسیل کے نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا شعبہ تعلیم اور صحت کی طرف خصوصی توجہ دی جا رہی ہے معیاری تعلیم کے فروغ،تعلیمی اداروں کی بہتری نئے کالجز اور پنڈ دادنخان میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام اور اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں،اسکے ساتھ ساتھ عوام کو طبعی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہسپتالوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے نچلی سطح پر ڈسپنسر یوں،بنیادی مراکز صحت کی حالت بہتر بنائی جائے گی گائناکالوجسٹ سمیت ڈاکٹرز اور عملہ کی خالی آسامیوں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا اسکے ساتھ ساتھ نئے اور معیاری ہسپتالوں کے قیام کے لیے بھی کوشش کریں گے سول ہسپتال میں بھی بیڈز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔

چوہدری فراز حسین نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی تمام مسائل پر توجہ ہے پانی اور صفائی کا مسئلہ حل کروانے کے لیے بھی حکومتی اور نجی سطح پر بات چیت جاری ہے سیوریج،تجاوزات اور پارکنگ کے لیے بھی تاجروں اور عوامی سماجی حلقوں سے مشاورت کر کے اقدامات کریں گے،کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں 18ستمبر بروز منگل فواد چوہدری کی دعوت پر سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد اکرم جہلم میں ضمیر جعفری اسٹیڈیم اور بلال ٹاؤن ٹینکی والے گراؤنڈ کا دورہ کر کے نوجوانوں سے ملاقات کریں گے اور کرکٹ کے فروغ اور گراؤنڈز کی بہتری کے لیے اقدامات کریں گے۔

فراز چوہدری نے مزید کہا کہ جہلم میں تفریح سہولیات کا فقدان ہے شہریوں کو تفریح سہولیات فراہم کرنے کے لیے پارکس بنوائے جائیں گے انہوں نے کہا ضلع جہلم عرصہ دراز سے محرومیوں اور مسائل کا شکار ہے، انشاء اللہ جلد تبدیلی آئے گی غازیوں اور شہیدوں کی سرزمین کو خوبصورت اور مثالی بنائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.