Daily updated News, Photo & Vidoes website of Jhelum, Pakistan

خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت بننے والی سڑکوں میں کروڑوں کی خورد برد کا انکشاف

0

جہلم: خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت 55 ارب روپے کی لاگت سے بننے والی 5693 کلو میٹر طویل سڑکوں میں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے 40 ایگزیکٹو انجینئرز اور ٹھیکیداروں کی مبینہ ملی بھگت سے کروڑوںکی خورد برد کا انکشاف ، مذکورہ افسران نے کنٹریکٹرز کیساتھ ملکر پتھر کم مقدار میں اور خاکہ کی جگہ ریت کا استعمال کرکے قومی خزانے کے کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جس کا بھانڈا محکمہ کو موصول ہونیوالی 200 سے زائد شکایات نے پھوڑ دیا۔

ذرائع کے مطابق خوردبرد میں چیف انجینئر نارتھ شفقت علی بٹر کے ماتحت ایگزیکٹو انجینئرملک ریاض گجرات، ایگزیکٹو انجینئر جمیل بسرا سابق سیالکوٹ (موجودہ فیصل آباد) ، ایگزیکٹو انجینئر شیخ اعجاز شیخوپورہ، ایگزیکٹو انجینئرعمران زیدی منڈی بہاؤ الدین ، ایگزیکٹو انجینئرطارق محمود ملغانی ٹوبہ ٹیک سنگھ سرکل لاہور ،جہلم ،گوجرانوالہ ، نارووال ، ملتان ، قصور، راولپنڈی، فیصل آباد، ڈیرہ غاذی خان ، بہاولنگرو دیگر اضلاع کے حکام شامل ہیں ۔

اعلیٰ افسران نے مبینہ ملی بھگت سے شکایات کوردی کی ٹوکری کی نذر کر کے پنجاب حکومت کو سب اچھا ہے کہ رپورٹیں بجھوا دیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے تحت بننے والی سڑکوں کی کسی ایماندار ٹیکنکل ڈیپارٹمنٹ افسران سے لیبارٹری ٹیسٹ کروائے جائیں اور محکمہ کے کرپٹ افسران کے اثاثوں کی چھان بین کی جائے تو کرپشن کی ایک تاریخی داستان لکھی جا سکتی ہے۔

دوسری طرف سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے کرپشن میں ملوث 60 ایگزیکٹو انجینئرکی گریڈ19 میں ترقیوں کے لئے 17 مئی 2018 کو بورڈ تشکیل دے رکھاہے جبکہ ذمہ دار افسران کیخلاف کرپشن کی شکایت پر قانونی کارروائی کی توقع کی جارہی ہے اور زیر التواء انکوائریوں کو مکمل کر کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائیگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.